شاہ رخ خان کا عاشقانہ انداز، فلم ’کنگ‘ کا نیا پوسٹر جاری

فلم میں شاہ رخ خان کا کردار خطرناک شخصیت کے ساتھ رومانوی پہلو بھی رکھتا ہے

بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کی آنے والی ایکشن فلم ’کنگ‘ کا نیا پوسٹر سامنے آگیا ہے، جس میں ان کے انداز نے مداحوں کو 1999 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بادشاہ‘ کی یاد دلا دی ہے۔ فلم کے پروڈکشن ہاؤس ریڈ چیلیز انٹرٹینمنٹ نے پوسٹر سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری کیا۔

پوسٹر میں شاہ رخ خان ایک منفرد اور پُراسرار، قدرے خطرناک انداز میں دکھائی دے رہے ہیں، تاہم ان کے کردار میں محبت کا پہلو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔ پوسٹ کے ساتھ درج جملہ ’قاتل نہیں، عاشق ہے‘ فلم میں ان کے کردار کی اسی دوہری شخصیت کی جانب اشارہ کرتا ہے۔

فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کررہے ہیں۔ شاہ رخ خان کے علاوہ ان کی بیٹی سہانا خان، دیپیکا پڈوکون، ابھیشیک بچن، رانی مکھرجی اور انیل کپور سمیت دیگر اداکار بھی فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں۔

’کنگ‘ کی تشہیری مہم کے دوران اس سے پہلے بھی شاہ رخ خان کے مختلف روپ دکھائے جاچکے ہیں۔ ایک پروموشنل کلپ میں وہ زخمی چہرے، سفید بالوں اور منہ میں تاش کا پتہ دبائے نظر آئے تھے۔ اس کلپ میں ان کی فلم ’اوم شانتی اوم‘ کا معروف مکالمہ ’پکچر ابھی باقی ہے‘ بھی شامل تھا۔

Load Next Story