انسٹاگرام پر ویڈیوز کا دورانیہ بڑھانے پر کام جاری

فیچر کو استعمال کرتے ہوئے منتخب کریئیٹرز 90 منٹ تک دورانیے کی ہوریزنٹل ویڈیوز اپ لوڈ کرسکیں گے

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے طویل ویڈیوز کے شوقین صارفین اور مواد تخلیق کرنے والوں کو متوجہ کرنے کے لیے نیا ویڈیو فارمیٹ متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی ہے، جس کے تحت منتخب کریئیٹرز 90 منٹ تک دورانیے کی ہوریزنٹل ویڈیوز اپ لوڈ کرسکیں گے۔

رپورٹس کے مطابق فیچرز نامی اس نئے فارمیٹ کا مقصد پوڈکاسٹس، انٹرویوز، کامیڈی شوز اور دیگر طویل ویڈیوز کے لیے جگہ فراہم کرنا ہے، جنہیں عام ریلز کے مختصر دورانیے میں پیش کرنا مشکل ہوتا ہے۔

سوشل میڈیا ٹوڈے کے مطابق انسٹاگرام اس فیچر کی آزمائش امریکا میں محدود تعداد میں کریئیٹرز کے ساتھ کر رہا ہے جبکہ اس سے قبل برازیل میں بھی اس کی آزمائش کی جاچکی ہے۔

انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری اور نائب صدر برائے مصنوعات ٹیسا لیونز نے ایک ویڈیو میں اس نئے فارمیٹ کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پلیٹ فارم پر ویڈیوز بنانے اور دیکھنے کے بدلتے ہوئے رجحانات پر بھی گفتگو کی۔

ایڈم موسیری کا کہنا تھا کہ انسٹاگرام طویل ویڈیوز میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور ’فیچرز‘ کو ریلز، سیریز، لائیو اور ٹی وی سمیت پلیٹ فارم کے دیگر ویڈیو فارمیٹس کے ساتھ شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال یہ منصوبہ ابتدائی مرحلے میں ہے اور انسٹاگرام آزمائش کے دوران کریئیٹرز اور صارفین کی آرا حاصل کرے گا۔ ان کے مطابق نئے فیچر کا مقصد مواد تخلیق کرنے والوں کو زیادہ وقت اور گنجائش فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی قائم شدہ کمیونٹیز کے ساتھ مزید تفصیلی اور دلچسپ مواد شیئر کرسکیں۔

انسٹاگرام کی جانب سے اس فیچر کی آزمائش کے نتائج اور اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرانے کے حوالے سے مزید تفصیلات بعد میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

Load Next Story