چینی شہری کا پانی پر موٹر سائیکل چلانے کا عالمی ریکارڈ
چین کے ایک کاروباری شخص نے اپنی موڈیفائیڈ موٹر سائیکل سے پانی کی سطح پر 40 کلومیٹر سے زیادہ فاصلہ طے کر کے گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
موٹر سائیکل بنانے والی کمپنی ZXMOTO کے بانی ژانگ شوئے نے اتوار کے روز چین کے صوبے ہونان کے شہر مایانگ میں دریائے چن کی سطح پر اپنی تبدیل شدہ MX450 موٹر سائیکل چلائی اور تقریباً 40.7 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
اس منفرد کرتب کے نتیجے میں انہیں کھلے پانی پر موڈیفائیڈ موٹر سائیکل کے ذریعے سب سے زیادہ فاصلہ طے کرنے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ مل گیا۔
پانی پر آگے بڑھنے کے لیے موٹر سائیکل کے پچھلے ٹائر کو اس انداز میں استعمال کیا گیا کہ وہ پانی کو پیچھے کی جانب دھکیلتا رہا، جس سے موٹر سائیکل کو آگے بڑھنے کی قوت حاصل ہوئی۔