سندھ کی تعلیم میں جدید ٹیکنالوجی: وقت کے چیلنجز اور مستقبل کی ضرورت
دنیا بدل چکی ہے۔ علم حاصل کرنے کے طریقے، سکھانے کے انداز، رابطے کے ذرائع اور روزگار کے میدان، سب کچھ نئی صورت اختیار کرچکا ہے۔ آج جو قوم ٹیکنالوجی سے دور کھڑی رہی، کل وہ ترقی کی دوڑ میں بھی پیچھے رہ جائے گی۔
تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے، اور جب تعلیم پرانے روایتی طریقوں میں پھنسی ہو تو معاشرہ بھی آگے نہیں بڑھ سکتا۔ سندھ، جو علم، ادب، تہذیب اور رواداری کی دھرتی ہے، آج اپنے تعلیمی نظام کے حوالے سے ایک اہم موڑ پر آ کھڑا ہے۔ ایک طرف ہمارے پاس ذہین طلبا، محنتی اساتذہ اور علم سے محبت کرنے والا معاشرہ ہے، تو دوسری طرف ہماے کئی اسکول اب بھی بنیادی سہولتوں، اچھے تدریسی طریقوں اور جدید ٹیکنالوجی سے محروم ہیں۔ ایسی صورت میں سندھ کی تعلیم میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کوئی آرائشی چیز نہیں، بلکہ وقت کی ناگزیر ضرورت ہے۔
ٹیکنالوجی سے مراد صرف کمپیوٹر، موبائل یا انٹرنیٹ نہیں۔ اس کا اصل مطلب ہے علم تک آسان رسائی، سیکھنے کے عمل کو دلچسپ اور طلبا کے لیے آسان بنانا، استاد کے کام کو زیادہ مؤثر بنانا، اور تعلیمی نظام کو شفاف اور احسن طریقے سے چلانا۔ جب طالب علم کتاب کے الفاظ کے ساتھ تصویر، ویڈیو، آواز اور عملی مثالوں سے سبق سیکھتا ہے تو اس کی سمجھ گہری ہوتی ہے، یاد تازہ رہتی ہے اور پڑھنے کا شوق بھی بڑھتا ہے۔ یہی آج کی تعلیم کی پہچان ہے، اور اس سے سندھ کا بچہ محروم نہیں رہنا چاہیے۔
سندھ کی تعلیم کی موجودہ صورتحال
سندھ کی تعلیم کئی مسائل کا سامنا کر رہی ہے۔ کئی سرکاری اسکولوں میں کلاس رومز کی کمی، فرنیچر کی قلت، پینے کے صاف پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولتوں کی کمی اب بھی موجود ہے۔ دور دراز دیہات کے بچے میلوں کا فاصلہ طے کرکے اسکول پہنچتے ہیں۔ کہیں اساتذہ کی کمی کے باعث ایک ہی استاد کو ایک ہی کلاس میں مشترکہ جماعتوں کو پڑھانا پڑتا ہے، جس سے ہر طالب علم پر انفرادی توجہ دینا مشکل ہو جاتا ہے۔ کتابوں کی دیر سے فراہمی، سائنس کی تجربہ گاہوں کی کمی اور نئے تدریسی سامان کی عدم دستیابی بھی معیارِ تعلیم کو کمزور کرتی ہے۔
دوسرا بڑا مسئلہ ہمارا پرانا تدریسی طریقہ ہے، جو زیادہ تر رٹے اور یاد کرنے پر مبنی ہے۔ طالب علم امتحان پاس کرنے کے لیے سبق یاد تو کر لیتا ہے، مگر اس سبق کی اصل سمجھ، سوچنے کی صلاحیت، مسئلہ حل کرنے کی استعداد اور نئی بات پیدا کرنے والی فکر اس میں پروان نہیں چڑھتی۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ڈگری ہاتھ میں ہونے کے باوجود نوجوان عملی زندگی اور روزگار کے میدان میں پیچھے رہ جاتا ہے۔
آج کی دنیا میں صرف ڈگری کافی نہیں، اس کے ساتھ ہنر، ڈیجیٹل علم اور سوچنے سمجھنے کی صلاحیت بھی درکار ہے۔ اگر ہم انہی پرانے طریقوں پر چلتے رہے تو نتائج بھی وہی ملیں گے۔ اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنی تعلیم کو اس دور کی ضروریات سے ہم آہنگ کریں، اور اس کام کے لیے ٹیکنالوجی سب سے بڑا اور سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔
ٹیکنالوجی کیوں ضروری ہے؟
سب سے پہلی اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ٹیکنالوجی علم تک یکساں رسائی لاتی ہے۔ پہلے اچھی تعلیم صرف بڑے شہروں، مہنگے اسکولوں اور وسائل والے گھرانوں تک پہنچتی تھی۔ گاؤں کا بچہ اچھی لائبریری، قابل استاد اور نئی معلومات سے دور ہوتا تھا۔ آج ایک موبائل اور انٹرنیٹ کے ذریعے گھوٹکی، تھر، جیکب آباد، کشمور اور بدین کا طالب علم بھی وہی لیکچر سن سکتا ہے، وہی کتاب پڑھ سکتا ہے اور اسی معلومات تک پہنچ سکتا ہے جو کراچی یا دنیا کے کسی بڑے شہر کے طالب علم کے پاس ہے۔ شہر اور گاؤں، امیر اور غریب کے درمیان علم کا یہ فاصلہ کم ہونا ہی تعلیم میں اصل برابری ہے۔
دوسرا یہ کہ ٹیکنالوجی سیکھنے کے عمل کو آسان اور دلچسپ بناتی ہے۔ سائنس کا مشکل سبق جب متحرک تصاویر اور ویڈیو کے ساتھ دکھایا جاتا ہے تو منٹوں میں سمجھ میں آ جاتا ہے۔ ریاضی کے اصول جب روزمرہ زندگی کی مثالوں سے سمجھائے جاتے ہیں تو طالب علم خوف کے بجائے دلچسپی لیتا ہے۔ تاریخ، جغرافیہ، زبان اور ادب جیسے مضامین بھی نقشوں، تصاویر، پرانے واقعات اور صوتی مواد سے زندہ محسوس ہوتے ہیں۔ طالب علم صرف سننے والا نہیں رہتا، بلکہ سیکھنے کے عمل میں خود بھی شریک ہو جاتا ہے۔
تیسرا اہم فائدہ یہ ہے کہ ٹیکنالوجی وقت اور فاصلے کی دیوار کو گرا دیتی ہے۔ بارش، سیلاب، بیماری یا کسی اور اچانک آفت کے باعث جب اسکول بند ہوتے ہیں تو پڑھائی بھی رک جاتی ہے۔ سندھ سیلابوں اور موسم کی تبدیلی کے باعث بار بار یہ نقصان دیکھ چکا ہے، جس میں سب سے زیادہ متاثر تعلیم ہوئی ہے۔ اگر ہمارے پاس آن لائن کلاسوں، ریکارڈ شدہ لیکچروں اور ڈیجیٹل مواد کا انتظام ہو تو ایسی صورتوں میں بھی بچوں کی پڑھائی مکمل طور پر نہیں رکے گی۔ ٹیکنالوجی تعلیم کو ٹوٹنے سے بچاتی ہے، اسے جاری رکھتی ہے۔
طلبا کے لیے کیا فوائد ہیں؟
جدید ٹیکنالوجی طالب علم میں خود سیکھنے کی عادت پیدا کرتی ہے۔ آج کا طالب علم صرف استاد کے لیکچر کا محتاج نہیں۔ وہ اپنے سوال کا جواب خود تلاش کر سکتا ہے، کئی ذرائع سے معلومات لے سکتا ہے، اپنی سہولت کی رفتار سے پڑھ سکتا ہے اور جہاں نہ سمجھے، وہاں سبق بار بار دیکھ اور سن سکتا ہے۔ یہ خود اعتمادی بچے کو عمر بھر سیکھنے والا بناتی ہے۔ ٹیکنالوجی پیچھے رہ جانے والے اور خصوصی بچوں کے لیے بھی بڑی نعمت ہے۔ جو طالب علم کلاس میں سوال پوچھنے سے جھجکتا ہے، وہ ڈیجیٹل ذریعے سے بلا جھجک سیکھ سکتا ہے۔ جو بچہ سننے یا دیکھنے میں کمزور ہے، اس کے لیے صوتی مواد، بڑے حروف والی تحریریں اور ویڈیو میں لکھی ہوئی وضاحت پڑھائی کو آسان بناتی ہے۔ اس طرح ہر بچے کو اس کی ضرورت اور صلاحیت کے مطابق سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
اس کے ساتھ آج کے دور میں ڈیجیٹل ہنر خود ایک لازمی تعلیم بن چکا ہے۔ کمپیوٹر چلانا، انٹرنیٹ کا محفوظ اور درست استعمال، ٹائپنگ، معلومات کی سچائی پرکھنا اور آن لائن بات چیت، یہ سب ایسے ہنر ہیں جن کے بغیر کوئی بھی نوجوان سرکاری ملازمت، نجی کام، کاروبار یا گھر بیٹھے آن لائن روزگار میں آگے نہیں بڑھ سکتا۔ اگر ہمارے اسکول یہ ہنر نہیں سکھائیں گے تو ہمارے طلبا ڈگری ہاتھ میں ہونے کے باوجود پیچھے رہ جائیں گے۔
استاد اور ٹیکنالوجی
کہیں کہیں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ٹیکنالوجی استاد کی جگہ لے لے گی، مگر یہ بات درست نہیں۔ ٹیکنالوجی استاد کی جگہ کبھی نہیں لے سکتی، کیونکہ استاد صرف معلومات دینے والا نہیں، وہ کردار بنانے والا، رہبر اور بچے کا ہمدرد ہوتا ہے۔ البتہ ٹیکنالوجی استاد کا ہاتھ ضرور مضبوط کرتی ہے۔ جو استاد اسمارٹ بورڈ، ملٹی میڈیا لیکچر، آن لائن ٹیسٹ اور ڈیجیٹل حاضری کا استعمال کرتا ہے، اس کا وقت بچتا ہے، پڑھانا زیادہ مؤثر ہوتا ہے اور وہ ہر طالب علم کی کارکردگی کو بہتر طور پر پرکھ سکتا ہے۔
اساتذہ کی تربیت میں بھی ٹیکنالوجی بڑا کام کر سکتی ہے۔ دور دراز علاقوں کے اساتذہ سفر اور اخراجات کے باعث تربیتی پروگراموں میں شریک نہیں ہوسکتے تھے۔ آج آن لائن تربیت اور ویڈیو لیکچروں کے ذریعے ہر استاد اپنے اسکول یا گھر بیٹھے نئے تدریسی طریقے سیکھ سکتا ہے۔ ایک اچھا اور تربیت یافتہ استاد سینکڑوں بچوں کی زندگی سنوار سکتا ہے، اس لیے اساتذہ کو ٹیکنالوجی سے جوڑنا سب سے زیادہ فائدہ مند سرمایہ کاری ہے۔
ہم اساتذہ کو بھی چاہیے کہ ٹیکنالوجی کو خطرہ نہیں، بلکہ موقع سمجھیں۔ جو استاد خود سیکھنے کے لیے تیار ہوگا، وہی اپنے طلبہ کو مستقبل کے لیے تیار کر سکے گا۔ اس کے لیے حکومت، محکمہ تعلیم اور اساتذہ کی تنظیموں کو مل کر اساتذہ کی مسلسل اور عملی تربیت کا پختہ انتظام کرنا ہوگا۔
نظم و نسق اور شفافیت میں بہتری
ٹیکنالوجی کا فائدہ صرف کلاس روم تک محدود نہیں۔ تعلیم کے پورے نظام میں بھی یہ بہتری لا سکتی ہے۔ طلبہ کے داخلے، حاضری، امتحانات کے نتائج، اساتذہ کی تقرریاں اور تبادلے، اسکولوں کو ملنے والی رقوم اور مرمت کے کام، اگر ڈیجیٹل نظام سے چلائے جائیں تو بدعنوانی کم ہوگی، ریکارڈ محفوظ رہے گا اور پالیسی بنانے کے لیے درست اعداد و شمار دستیاب ہوں گے۔ آج کئی فیصلے اندازے پر کیے جاتے ہیں، کیونکہ درست اور بروقت معلومات دستیاب نہیں ہوتیں۔ ڈیجیٹل اعداد و شمار بتا سکتے ہیں کہ کس ضلع میں اساتذہ کی کمی ہے، کن اسکولوں سے بچے زیادہ پڑھائی ادھوری چھوڑتے ہیں اور کہاں بچیوں کی تعلیم پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
امتحانات کے نظام میں بھی ٹیکنالوجی بہتری لا سکتی ہے۔ آن لائن داخلے، نتائج کی بروقت اور شفاف اشاعت اور طلبہ کی کارکردگی کا جائزہ، یہ سب اقدامات امتحانات کو زیادہ قابلِ اعتماد بنائیں گے۔ جب نظام شفاف ہوگا تو والدین، اساتذہ اور طلبہ کا اعتماد بھی واپس آئے گا۔
مشکلات اور رکاوٹیں
یہ بات بھی نظروں سے اوجھل نہیں کرنی چاہیے کہ سندھ میں ٹیکنالوجی کو تعلیم میں لانا آسان کام نہیں۔ سب سے بڑی رکاوٹ بنیادی سہولتوں کی کمی ہے۔ کئی اسکولوں میں بجلی ہی نہیں، جہاں ہے وہاں لوڈشیڈنگ پڑھائی کو متاثر کرتی ہے۔ شہروں سے باہر انٹرنیٹ کمزور ہے۔ کمپیوٹر لیبارٹریاں یا تو ہیں ہی نہیں، یا ان میں مشینیں پرانی اور خراب پڑی ہیں۔ ایسی صورت میں صرف اعلانات سے تبدیلی نہیں آئے گی۔
دوسری رکاوٹ غربت ہے۔ ہر والدین اپنے بچے کو اسمارٹ فون، ٹیبلیٹ یا لیپ ٹاپ لے کر نہیں دے سکتا۔ اگر تعلیم مکمل طور پر مہنگے آلات پر کھڑی ہو گئی تو امیر اور غریب کے درمیان علم کا فاصلہ کم ہونے کے بجائے اور بڑھ جائے گا۔ اس لیے ٹیکنالوجی کو اسکولوں کے اندر سب کے لیے یکساں طور پر عام کرنا ہوگا، تاکہ غریب کا بچہ بھی اس سے اتنا ہی فائدہ اٹھا سکے۔
تیسری رکاوٹ زبان کی ہے۔ انٹرنیٹ پر زیادہ مواد انگریزی یا اردو میں ہے، جبکہ سندھ کے لاکھوں بچے سندھی میں سوچتے ہیں اور سندھی میں ہی آسانی سے سیکھتے ہیں۔ اگر ڈیجیٹل مواد سندھی زبان میں تیار نہ کیا گیا تو ٹیکنالوجی بچوں کے لیے اجنبی ہی رہے گی۔ سندھی میں کتابیں، ویڈیو لیکچر، موبائل ایپس اور تعلیمی مواد تیار کرنا آج کی بڑی ضرورت ہے۔ یہ کام صرف حکومت کا نہیں، یونیورسٹیوں، ادیبوں، اساتذہ اور نوجوان ماہرین کو بھی اس میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔
اس کے ساتھ ٹیکنالوجی کا غلط استعمال بھی ایک خطرہ ہے۔ موبائل اور سوشل میڈیا بچوں کی توجہ بھٹکا سکتے ہیں۔ اس لیے بچوں کو ڈیجیٹل اخلاق، محفوظ انٹرنیٹ اور وقت کے درست استعمال کی تعلیم دینا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ ٹیکنالوجی تب ہی نعمت بنتی ہے جب اس کا استعمال مقصد کے ساتھ اور بڑوں کی رہنمائی میں کیا جائے۔ آگے کا راستہ سندھ کی تعلیم میں ٹیکنالوجی لانے کے لیے سب سے پہلے ایک واضح، طویل مدتی اور سیاست سے پاک پالیسی درکار ہے۔ ہر نئی حکومت کے ساتھ پالیسی بدلنے کے بجائے ایک ایسا مشترکہ راستہ بننا چاہیے جو برسوں تک ایک ہی سمت میں چلتا رہے۔ اس پالیسی میں ہر اسکول کو باری باری بجلی، شمسی نظام، انٹرنیٹ، اسمارٹ کلاس اور کمپیوٹر لیب دینے کے پختہ اہداف مقرر کیے جائیں۔
دوسرا قدم اساتذہ کی تربیت ہے۔ ہر استاد کو کمپیوٹر کی بنیادی تعلیم لازمی دی جائے اور نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کے لیے ڈیجیٹل علم کو اہلیت کا حصہ بنایا جائے۔ ہر ضلع میں ایسے ماہر اساتذہ کی ٹیمیں بنائی جائیں جو دوسرے اساتذہ کی مدد اور رہنمائی کریں۔ تیسرا قدم سندھی زبان میں ڈیجیٹل نصاب تیار کرنا ہے۔ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ، یونیورسٹیاں اور محکمہ تعلیم مل کر ہر جماعت اور ہر مضمون کے لیے ویڈیو لیکچر، صوتی کتابیں، مشقیں اور ٹیسٹوں کا ایک مفت آن لائن ذخیرہ تیار کریں، جس تک ہر طالب علم بغیر کسی خرچ کے پہنچ سکے۔ یہ ذخیرہ موبائل پر آسانی سے چلنے کے قابل ہونا چاہیے، تاکہ ہلکے انٹرنیٹ پر بھی کام کر سکے۔
چوتھا، نجی شعبے، موبائل کمپنیوں اور سماجی تنظیموں کو بھی اس نیک کام میں شریک کیا جائے۔ یہ اسکولوں میں کمپیوٹر، شمسی بجلی اور انٹرنیٹ کی سہولتیں دے سکتی ہیں، مگر یہ سب کچھ ایک شفاف نظام کے تحت ہونا چاہیے تاکہ سہولت واقعی حقدار اسکولوں تک پہنچے۔
پانچواں، والدین اور معاشرے کو بھی اس تبدیلی میں شریک کیا جائے۔ والدین کو سمجھایا جائے کہ ٹیکنالوجی صرف کھیل تماشے کی چیز نہیں، یہ علم کا دروازہ بھی ہے۔ جب والدین بچے کی ڈیجیٹل پڑھائی پر نظر رکھیں گے اور اساتذہ سے رابطے میں رہیں گے تو نتائج اور بھی بہتر ہوں گے۔
آخر میں یہ کہنا ہی درست ہوگا کہ سندھ کی تعلیم کا مستقبل ٹیکنالوجی کے بغیر ادھورا ہے۔ ہم اپنے بچوں کو اکیسویں صدی کی دنیا کے لیے بیسویں صدی
کے طریقوں سے تیار نہیں کر سکتے۔ دنیا مصنوعی ذہانت، نئی ایجادات اور ڈیجیٹل روزگار کے دور میں داخل ہو چکی ہے۔ اگر آج بھی ہم نے فیصلہ نہ کیا تو ہمارے نوجوان کل علم، روزگار اور عزت کے میدان میں دوسروں سے بہت پیچھے رہ جائیں گے۔
مگر مایوسی کی کوئی بات نہیں۔ استاد ہونے کے ناتے تاریخ کی ذمہ داری ہمارے کندھوں پر ہے، اور ہم ہی اس پورے عمل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سندھ کی مٹی میں ذہانت کی کوئی کمی نہیں۔ ہمارے بچے جب بھی موقع ملتا ہے تو ملکی اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیت منواتے ہیں۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ انہیں موقع، سہولت اور درست رہنمائی ملے۔ ٹیکنالوجی یہی موقع ہے۔
آئیے ہم سب، حکومت، اساتذہ، والدین، معاشرہ اور نوجوان خود، مل کر سندھ کے ہر اسکول کو علم اور ٹیکنالوجی کا مرکز بنائیں، تاکہ سندھ کا ہر بچہ، خواہ وہ بڑے شہر کا ہو یا چھوٹے گاؤں کا، جدید دنیا کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر آگے بڑھ سکے۔ یہی سندھ کی ترقی کی اصل راہ ہے، اور یہی آنے والی نسلوں سے ہماری سچی وفاداری ہوگی۔
نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ blog@express.com.pk پر ای میل کردیجیے۔