کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کی کارروائیاں، 9 زخمیوں سمیت 11 ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی، پرس اور موٹر سائیکلیں برآمد

فائل فوٹو

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور پاکستان رینجرز نے کارروائیاں کرتے ہوئے مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 9 زخمی ملزمان سمیت 11 افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی، پرس اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔

قائدآباد پولیس نے لانڈھی کی شیرپاؤ کالونی میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جس کی شناخت بہادر علی ولد روزی خان کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، ایمونیشن اور نقدی برآمد ہوئی، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب پاکستان رینجرز سندھ اور ایس آئی یو پولیس نے پاک کالونی، سائٹ ٹاؤن میں بھتہ خوروں کے خلاف کارروائی کی۔ ترجمان رینجرز کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے، جن کی شناخت فواد اور جہانداد کے نام سے ہوئی۔

سرجانی ٹاؤن کے علاقے کنیز فاطمہ سوسائٹی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں دو ملزمان زخمی ہوگئے، جن کی شناخت عرفان ولد در محمد، عمر 30 سال، اور جہانگیر ولد منیر، عمر 33 سال، کے نام سے ہوئی۔ دونوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے سیکٹر 6 بی، کمہارواڑہ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

زخمی ملزمان کی شناخت عفنان اور عامر کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے اسلحہ، موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

سرجانی ٹاؤن پولیس نے روزی گوٹھ ندی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک زخمی سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا۔ زخمی ملزم کی شناخت مرزا ہاشم جبکہ دیگر گرفتار ملزمان کی شناخت سیف اللہ اور نادیہ ہاشم کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، آٹھ موبائل فون، مردوں اور خواتین کے پرس اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

Load Next Story