راولپنڈی: چند روز قبل گھر میں ماں بیٹی کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار

ملزم نے لین دین کے تنازع اور ذاتی رنجش پر خاتون اور اسکی بیٹی کو قتل کیا، پولیس

راولپنڈی:

تھانہ دھمیال پولیس نے چند روز قبل گھر میں ماں بیٹی کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم سرگودھا کا رہاشی ہے جس کو گرفتار کرلیا گیا اور انکشافات کی روشنی میں مزید تفتیش جاری ہے، ملزم نے لین دین کے تنازع اور ذاتی رنجش پر خاتون اور اسکی بیٹی کو قتل کیا۔

تفتیش سے جڑے پولیس افسر نے ایکسپریس کوبتایا کہ ملزم حسن علی علاقے میں بیکری پر کام کرتا تھا جہاں سے اسکا تعلق مبینہ طور پر  مقتولہ نوویزہ بی بی سے ہوا جو اپنی دو بیٹیوں نومین اور روشنی کے ہمراہ کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے۔

پولیس کے مطابق ملزم حسن علی اور مقتولہ نوویزہ بی بی کے مابین  تعلقات بڑھتے چلے گئے،  وہ حسن علی کو اپنی مجبوریاں و پریشانیاں بتا کر مختلف اوقات میں رقم بھی منگواتی رہی، رقم  ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے تک پہنچی تو حسن علی پر حقیقت کھلی کہ اس سے جھوٹ بول کر  رقم لی جا رہی ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق حسن علی کو یہ بھی معلوم ہوا کہ نوویزہ بی بی کی اصلیت وہ نہیں جو اس نے بتا رکھی تھی، حقیقت سامنے آنے پر وہ رقم واپسی کا تقاضا کرتا رہا لیکن پیسے واپسی نہ ملنے پر وہ وقوعہ والے دن اُس وقت  مسماتہ نوویزہ کے گھر پہنچا جب ایک بیٹی روشنی گھر سے باہر تھی اور دونوں ماں بیٹی نوویزہ اور نومین کو گلا گھونٹ کر قتل کیا۔

اس دوران ایک نے مزاحمت کی کوشش کی تو روٹی پکانے والا  توا اس کے سر پر مارا جس سے مقتولہ کو  زخم  بھی  آیا، اسی دوران مقتولہ کی دوسری بیٹی گھر پہنچی تو دروازہ کھٹکانے پر نہ کھلنے پر شور مچایا تو ملزم چھت کے راستے فرار ہوگیا۔

Load Next Story