کسی کو بھی ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے، گورنر فیصل کریم کنڈی

افغان طالبان رجیم کی جانب سے شہری آبادی اور انگور اڈہ بازار کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، گورنر کے پی کے

پشاور:

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی پاکستان کے عوام کو دھمکانے اور ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

لوئر جنوبی وزیرستان میں شہری گھروں اور انگور اڈہ بازار پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے شہری آبادی اور انگور اڈہ بازار کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، پاکستان کی مسلح افواج کو فوری، بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے پر سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کسی خوش فہمی میں نہ رہے، پاکستان اپنے عوام پر حملے اور ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کرے گا، خیبرپختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور عزم اور ثابت قدمی سے جواب دیا جائے گا، وطن عزیز کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کو پوری قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

گورنر کا کہنا تھا کہ کوئی دھمکی یا بزدلانہ کارروائی پاکستان کے دفاع کے قومی عزم کو کمزور نہیں کر سکتی۔ پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Load Next Story