اسپین میں دو تیز رفتار ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں، 39 افراد ہلاک

اسی ریلوے لائن پر رواں سال جنوری میں بھی دو تیز رفتار ٹرینوں کا حادثہ پیش آیا تھا، جس میں 46 افراد ہلاک ہوئے تھے

اسپین میں میڈرڈ سے جنوبی علاقے اندلس جانے والی ریلوے لائن پر دو تیز رفتار ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 39 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد اور واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جارہا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسپین کے ریلوے آپریٹر اڈیف نے بدھ کو حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تصادم کے بعد میڈرڈ اور اندلس کے درمیان تیز رفتار ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی گئی۔

علاقائی حکومت کے ترجمان کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے کے کچھ دیر بعد پیش آیا، جب رینفے اور ایریو کمپنیوں کی ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ تصادم کے نتیجے میں ایریو ٹرین کی دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

علاقائی حکومت کے ایک عہدیدار نے کم از کم 39 ہلاکتوں کی تصدیق کی، تاہم حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات اور زخمیوں کی حتمی تعداد معلوم کرنے کا عمل جاری ہے۔

حادثے کے بعد سامنے آنے والی فوٹیج میں ٹرین کی پٹری سے اتری ہوئی بوگی اور ریلوے لائن کے نیچے بکھرا ملبہ، ٹوٹے ہوئے حصے اور مڑی ہوئی دھاتی چادریں دیکھی جاسکتی ہیں۔

قریبی قصبے اُردا کے میئر مینوئل گالان کے مطابق امدادی اداروں نے مقامی انتظامیہ سے رابطہ کرکے مسافروں اور زخمیوں کے لیے ہنگامی سہولیات، بشمول ایک اسپورٹس ہال، تیار رکھنے کی درخواست کی۔

رپورٹ کے مطابق اسی ریلوے لائن پر رواں سال جنوری میں بھی دو تیز رفتار ٹرینوں کا حادثہ پیش آیا تھا، جس میں 46 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس حادثے کے بعد ریلوے لائن کی دیکھ بھال اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بحث شروع ہوئی تھی۔ تاہم، تازہ حادثے کی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آئی۔

Load Next Story