آئی سی سی رینکنگ میں بڑی تبدیلی، دو نئے کھلاڑی نمبر ون پوزیشن پر قابض

بابر اعظم، سلمان آغا، فخر زمان اور صائم ایوب تنزلی کے بعد بالترتیب نویں، 13ویں، 46ویں اور 65ویں نمبر پر چلے گئے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین پلیئر رینکنگ میں جنوبی افریقا اور بھارت کے کھلاڑیوں نے میدان مار لیا۔

جنوبی افریقا کے مارکو جینسن نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کے نمبر ون بولر اور آل راؤنڈر کا اعزاز اپنے نام کر لیا جبکہ بھارت کے ابھیشیک شرما ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے بہترین بلے باز بن گئے۔

مارکو جینسن نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی تھی۔

انہوں نے بیٹنگ کرتے ہوئے 85 رنز بنائے جبکہ بولنگ میں پانچ اہم وکٹیں حاصل کرکے جنوبی افریقا کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اس کارکردگی کے بعد وہ ٹیسٹ بولرز کی فہرست میں پانچ درجے ترقی کرکے پہلے نمبر پر پہنچ گئے اور مچل اسٹارک کو پیچھے چھوڑ دیا۔

آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھی انہوں نے بھارت کے رویندرا جدیجا کی چار سال سے زائد عرصے پر مشتمل حکمرانی ختم کر دی۔

دوسری جانب ابھیشیک شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف صرف 35 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور 38 گیندوں پر 113 رنز بنا کر بھارت کو فتح دلائی۔

اس کارکردگی کے نتیجے میں انہوں نے ایشان کشن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں میں پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کر لی۔

جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما بھی ٹیسٹ بلے بازوں کی رینکنگ میں چار درجے ترقی کرکے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی بھی دو درجے بہتری کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گئے۔

ابرار احمد ایک درجہ تنزلی سے تیسری اور حارث رؤف نو درجے تنزلی سے 29ویں پوزیشن پر چلے گئے۔

ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں بابر اعظم، سلمان آغا، فخر زمان اور صائم ایوب تنزلی کے بعد بالترتیب نویں، 13ویں، 46ویں اور 65ویں نمبر پر چلے گئے۔

Load Next Story