کراچی: غیر قانونی بیرون ملک سفر کی کوشش ناکام، 2 بھائی زیر حراست

جانچ کے دوران اطالوی ریزیڈنس پرمٹس اور میلان کے ایگزٹ اسٹیمپس مشکوک پائے گئے

کراچی:

ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے عمرہ ویزے کی آڑ میں غیر قانونی سفر کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو بھائیوں کو تحویل میں لے لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے جدید جانچ پڑتال اور یو وی لائٹ کے استعمال سے مبینہ جعلی اطالوی ریزیڈنس پرمٹس اور ایگزٹ اسٹیمپس کی نشاندہی کرتے ہوئے عمرہ ویزے کی آڑ میں غیر قانونی مائگریشن کی کوشش کا سراغ لگایا۔

کارروائی کے دوران سعودی عرب سے واپس آنے والے دو بھائیوں میر عثمان میران ولد غلام میران اور عامر حمزہ ولد غلام میران، ساکنان سیالکوٹ، کو مزید تحقیقات کے لیے روک لیا گیا۔

 دونوں مسافر 6 اکتوبر 2026 کو سیالکوٹ ایئرپورٹ سے عمرہ ویزوں پر سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔ مسافروں کے بیان کے مطابق ان کے والد غلام میران اور ایجنٹ طیب، جو اٹلی میں مقیم بتایا جاتا ہے، نے ان کے لیے غیر ملکی سفری دستاویزات کا انتظام کیا۔

منصوبے کے تحت دونوں بھائیوں نے کوسوو پہنچ کر پناہ کی درخواست دینے اور وہاں سے غیر قانونی طور پر اٹلی جانے کی کوشش کرنا تھی۔ دستاویزات کے 12 لاکھ روپے ایجنٹ کو منتقل کیے گئے۔

ابتدائی جانچ کے دوران اطالوی ریزیڈنس پرمٹس اور میلان کے ایگزٹ اسٹیمپس مشکوک پائے گئے۔ یو وی لائٹ کے ذریعے دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران ان کی اصلیت سے متعلق شکوک سامنے آئے۔ کوسوو امیگریشن حکام نے بھی پرمٹس مشکوک قرار دیتے ہوئے مسافروں کو داخلے سے روک دیا جس کے بعد انہیں واپس بھیج دیا گیا۔

کراچی ایئرپورٹ پر تفصیلی جانچ کے دوران ایک مشتبہ اطالوی ریزیڈنس پرمٹ، واٹس ایپ چیٹس سے متعلق معلومات، کوسوو ہوٹل بکنگ کی دستاویزات اور 550 یورو بھی سامنے آئے۔ دونوں مسافروں کو مشتبہ دستاویزات کی تصدیق، ایجنٹ کے کردار، مالی لین دین اور غیر قانونی امیگریشن کی کوشش سے متعلق مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اے ایچ ٹی سی کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

یہ کارروائی ایف آئی اے امیگریشن کراچی کی مؤثر اسکریننگ اور مشکوک سفری دستاویزات کی بروقت نشاندہی کے ذریعے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

Load Next Story