بھارت: نوجوان کو نوکری چھوڑنے کے 11 لاکھ آفر ہوئے تو اس نے انٹرنیٹ سے مشورہ مانگ لیا
بھارت میں ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے ایک نوجوان ملازم کو نوکری چھوڑنے کے بدلے 11 لاکھ بھارتی روپے کی پیشکش ہوئی تو وہ فیصلہ کرنے کے بجائے انٹرنیٹ صارفین سے مشورہ مانگنے لگا۔
حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ سافٹ ویئر انجینئر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈٹ پر بتایا کہ کمپنی نے رضاکارانہ طور پر ملازمت چھوڑنے کی اسکیم متعارف کرائی ہے۔
نوجوان کے مطابق اسے استعفیٰ دینے پر تین ماہ کی تنخواہ کے برابر تقریباً 11 لاکھ روپے مل سکتے ہیں۔
اس نے صارفین سے سوال کیا کہ کیا اتنی رقم لے کر نوکری چھوڑ دینا بہتر ہو گا یا ملازمت جاری رکھنی چاہیے؟
اس سوال پر سوشل میڈیا پر دلچسپ بحث چھڑ گئی۔ بعض صارفین نے موجودہ مشکل جاب مارکیٹ کے باعث نوکری نہ چھوڑنے کا مشورہ دیا، جبکہ دیگر نے رقم لے کر نئی ملازمت تلاش کرنے کی تجویز دی۔
واضح رہے کہ مائیکروسافٹ نے مخصوص ملازمین کے لیے رضاکارانہ علیحدگی کی اسکیم متعارف کرائی ہے، تاہم نوجوان کے ذاتی دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔