اپر کوہستان کرپشن اسکینڈل میں گرفتار ملزم کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
(فوٹو: فائل)
پشاورکی احتساب عدالت نے اپر کوہستان کرپشن اسکینڈل میں گرفتار ملزم کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اپر کوہستان اسکینڈل میں گرفتار ملزم کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر نیب اسپیشل پراسیکیوٹر حبیب اللہ بیگ اور تفتیشی افسر بھی عدالت میں موجود تھے۔
احتساب عدالت کے معزز جج محمد حامد مغل نے ملزم کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالہ کردیا۔
نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزم محمد ایاز ساکن غازی کوٹ مانسہرہ کوہستان سکینڈل میں نامزد ہونے کے بعد رپورش تھا، چیئرمین نیب نے ملزم کے گرفتاری کے وارنٹ 16 اکتوبر کو جاری کیے تھے۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ گرفتار ملزم محمد ایاز، نیشنل بینک آف پاکستان، داسو برانچ کے سابق کیشئر محمد ریاض کا حقیقی بھائی ہے، محمد ریاض پر الزام ہے کہ اس نے فرضی فرموں کے ذریعے قومی خزانے سے 11.117 ارب روپے کا غبن کیا ہے۔
نیب کے مطابق محمد ریاض نے مبینہ لوٹ مار کی رقم کو مختلف بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کر کے اپنے اور اپنے بھائی محمد ایاز کے نام پر قیمتی جائیدادیں خریدیں جبکہ دیگر ملوث ملزمان کے نام سامنے لانے کے لیے ملزم سے مزید تفتیش کی ضرورت ہے۔
تفتیشی افسر نے ملزم سے مزید پوچھ گچھ کیلیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس کو عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔