فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ: پاکستان کی ٹونگا کے خلاف 1-6 سے شاندار کامیابی
فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول آذربائیجان 2026 میں پاکستان نے ٹونگا کو 1-6 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں شاندار کامیابی حاصل کرلی۔ یہ پاکستان فٹبال کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
اس سے قبل قومی ٹیم نے ایک ہی دن میں مضبوط حریفوں اردن اور نائیجیریا کے خلاف ایک، ایک گول سے میچ برابر کیے تھے، جس کے نتیجے میں پاکستان کو ٹورنامنٹ کے پہلے دو پوائنٹس ملے تھے۔
فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول کا پہلا ایڈیشن 22 سے 31 اکتوبر تک آذربائیجان میں جاری ہے، جہاں باکو کے مختلف مقامات، جن میں ہووسان کمپٹیشن کمپلیکس بھی شامل ہے، میچز کی میزبانی کر رہے ہیں۔ اس ایونٹ میں 189 قومی فٹبال ایسوسی ایشنز شریک ہیں اور 2011 یا 2012 میں پیدا ہونے والے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
منتظمین کو توقع ہے کہ ایونٹ میں 3 ہزار سے زائد نوجوان کھلاڑی، کوچز اور آفیشلز شرکت کریں گے۔ ٹیمیں کارکردگی کی بنیاد پر چھ درجوں میں مقابلہ کر رہی ہیں جبکہ ٹئیر اے میں سرفہرست رہنے والی ٹیم چیمپئن قرار پائے گی۔
پاکستان پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ ایونٹ میں حصہ لے رہا ہے۔ ہیڈ کوچ احسان اللہ خان نے دورے کے لیے 14 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جبکہ ٹیم نے تین روز میں کوالیفکیشن مرحلے کے پانچ میچز کھیلے۔