انوشکا شرما تیسری بار ماں بننے والی ہیں؟ ویرات کوہلی کے ساتھ ویڈیوز وائرل
بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کے ایک بار پھر ماں بننے سے متعلق سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔
یہ چہ مگوئیاں اس وقت شروع ہوئیں جب انہیں اپنے شوہر اور بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی کے ساتھ ممبئی میں دیکھا گیا۔ تاہم جوڑے نے تیسرے بچے کی آمد یا حمل سے متعلق کسی خبر کی تصدیق نہیں کی۔
انوشکا اور ویرات اتوار، 25 اکتوبر کو ممبئی کے علاقے ورلی میں واقع ڈوم، ایس وی پی اسٹیڈیم میں بھارتی نژاد امریکی گلوکار کرشنا داس کے لائیو کیرتن میں شریک ہوئے۔ اس تقریب سے پہلے دونوں کو گیٹ وے آف انڈیا پر بھی دیکھا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں انوشکا کو کیرتن کے دوران تالیاں بجاتے اور گاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ ویرات ان کے ساتھ بیٹھے نظر آتے ہیں۔ دونوں کی یہ ویڈیوز سامنے آنے کے بعد صارفین نے اداکارہ کے ممکنہ حمل کے بارے میں سوالات اٹھانا شروع کردیے۔
ایک صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا انوشکا دوبارہ حاملہ ہیں؟ ایک اور صارف نے لکھا کہ کیا صرف انہیں ہی ایسا محسوس ہورہا ہے کہ اداکارہ امید سے ہیں؟ ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ شاید انوشکا کو بھی اپنے حمل کے بارے میں ٹوئٹر سے ہی پتا چلتا ہوگا۔ تاہم یہ سب سوشل میڈیا صارفین کے اندازے ہیں، جن کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔
انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی شادی دسمبر 2017 میں ہوئی تھی۔ ان کے ہاں جنوری 2021 میں بیٹی وامیکا پیدا ہوئی، جبکہ فروری 2024 میں ان کے بیٹے آکائے کی پیدائش ہوئی۔
فنی مصروفیات کی بات کی جائے تو انوشکا اپنی آنے والی فلم ’چکدا ایکسپریس‘ میں سابق بھارتی کرکٹر جھولن گوسوامی کا کردار ادا کررہی ہیں۔ فلم کی شوٹنگ 2022 میں مکمل ہوگئی تھی، لیکن اب تک اس کی ریلیز کی تاریخ سامنے نہیں آئی۔ انوشکا 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم ’زیرو‘ کے بعد سے بڑی اسکرین پر کم ہی دکھائی دی ہیں۔