امریکا: میچ کے دوران کھوجانے والی شادی انگوٹھی خاتون کو واپس مل گئی

انگوٹھی 5 ستمبر کو اوہائیو یونیورسٹی کے خلاف فٹ بال سیزن کے افتتاحی میچ کے بعد نیبراسکا یونین کے قریب ملی تھی

(تصویر: یونیورسٹی آف نیبراسکا-لِنکن)

امریکا میں فٹبال میچ کے دوران شادی کی انگوٹھی کھو دینے والی خاتون کو ان کی انگوٹھی واپس مل گئی۔

ریاست نیبراسکا کی ایک خاتون (جو یونیورسٹی آف نیبراسکا لنکن میں فٹ بال میچ کے دوران اپنی شادی کی انگوٹھی کھو بیٹھی تھیں) ایک دوست اور خبر کی مدد سے انگوٹھی واپس حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔

یونیورسٹی کے مطابق یہ انگوٹھی 5 ستمبر کو اوہائیو یونیورسٹی کے خلاف فٹ بال سیزن کے افتتاحی میچ کے بعد نیبراسکا یونین کے قریب ملی تھی۔ اگلے روز اسے کیمپس پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

انگوٹھی پر جم اور چیرل، 6 ستمبر 1996 کے الفاظ کندہ تھے۔ یونیورسٹی پولیس نے اسے اپنی گمشدہ اور ملنے والی اشیا کے ریکارڈ میں درج کرلیا لیکن ایک ماہ گزرنے کے باوجود کوئی اسے حاصل کرنے کے لیے رابطہ کرنے نہیں آیا۔

اس کے بعد ڈسپیچ ڈائریکٹر سارہ ہائیک نے یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغ اور مارکیٹنگ کے ساتھ مل کر انگوٹھی کے اصل مالک تک پہنچنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں مقامی اخبار لنکن جرنل اسٹار میں اس حوالے سے خبر شائع ہوئی۔

اخبار میں شائع ہونے والی خبر ایک خاتون کی نظر سے گزری، جنہوں نے انگوٹھی پر درج نام پہچان لیے۔ انہوں نے اپنی دوست چیرل فٹزجیرالڈ سے رابطہ کر کے ان کی شادی کی انگوٹھی سے متعلق پوچھا۔

فٹزجیرالڈ نے بتایا کہ انہیں احساس ہی نہیں ہوا تھا کہ ان کی انگوٹھی یونیورسٹی کے کیمپس میں گم ہوگئی ہے بلکہ وہ سمجھ رہی تھیں کہ انگوٹھی گھر میں ہی کہیں گم ہوئی ہے۔

Load Next Story