نیمار پر حریف سے تلخ کلامی کے دوران منہ ڈھانپنے پر پابندی عائد
برازیل کے معروف فٹبالر اور سانتوس کے کپتان نیمار کو دورانِ میچ حریف کھلاڑی سے بحث کرتے ہوئے منہ ڈھانپنے پر دو میچز کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برازیل کی سپیریئر کورٹ آف اسپورٹس جسٹس (ایس ٹی جے ڈی) نے بدھ کے روز سزا کا اعلان کیا۔
34 سالہ نیمار کو ہفتے کے روز باہیا کے خلاف برازیلین سیری اے کے میچ میں 1-1 سے ڈرا کے دوران باہیا کے مڈفیلڈر روڈریگو نیسٹر کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا۔
Neymar é expulso por falar com Rodrigo Nestor com a mão na boca.#futebol #santos #bahia #brasileirao #Neymar pic.twitter.com/9N1vRN3nNm
— ge (@geglobo) October 25, 2026
اسپورٹس ٹریبونل کے مطابق نیمار نے میدان میں بحث کے دوران منہ ڈھانپ کر اس ضابطے کی خلاف ورزی کی جسے ونیسیئس جونیئر رول کہا جاتا ہے۔
ریفری کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ میدان سے باہر بھیجے جانے کے بعد نیمار حریف ٹیم کے بینچ کی جانب بڑھے جہاں انہیں ساتھی کھلاڑیوں نے روکنے کی کوشش کی۔
پابندی کے باعث نیمار سانتوس کے آئندہ تین میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
وہ پہلے ہی تین یلو کارڈز جمع ہونے کے باعث بدھ کو پالمیراس کے خلاف میچ سے باہر تھے جبکہ اضافی دو میچز کی پابندی منہ ڈھانپنے کے واقعے پر عائد کی گئی ہے۔
نیمار اور سانتوس کو فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا حق حاصل ہے تاہم متوقع طور پر وہ نومبر کے آخر تک دوبارہ میدان میں واپسی نہیں کر سکیں گے۔