’جمانجی: اوپن ورلڈ‘ کا ٹریلر جاری، ویڈیو گیم کے کردار حقیقی دنیا میں آگئے

جاری کیے گئے ٹریلر میں کہانی ایک نئے موڑ پر پہنچتی دکھائی دیتی ہے، جو ناظرین کےلیے چونکا دینے والا ہوگا

ہالی وڈ کی مقبول فلمی فرنچائز ’جمانجی‘ کی نئی فلم کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ سونی پکچرز کی جانب سے پیش کیے گئے ٹریلر میں ڈوائن جانسن، کیون ہارٹ، جیک بلیک اور کیرن گیلن سمیت معروف اداکار ایک بار پھر اپنے کرداروں میں دکھائی دیں گے۔ فلم کا آفیشل نام ’جمانجی: اوپن ورلڈ‘ بتایا گیا ہے۔

یہ فلم 2019 میں ریلیز ہونے والی ’جمانجی: دی نیکسٹ لیول‘ کا سیکوئل ہے اور فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق فرنچائز کی پانچویں اور آخری فلم ہوگی۔ اس سیریز کی اصل فلم 1995 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں رابن ولیمز نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

جاری کیے گئے ٹریلر میں کہانی ایک نئے موڑ پر پہنچتی دکھائی دیتی ہے، جہاں جمانجی ویڈیو گیم کے کردار اپنی ڈیجیٹل دنیا سے نکل کر حقیقی دنیا میں داخل ہوجاتے ہیں۔ اس دوران اسپینسر، جس کا کردار الیکس وولف ادا کررہے ہیں، اس کی والدہ جینس، جنہیں مارین ہنکل نے نبھایا ہے، اور دیگر کرداروں کی گیم کے اندر باڈی سویپ کی صورتِ حال بھی دکھائی گئی ہے۔

ٹریلر کے ساتھ جاری پیغام میں کہا گیا کہ فلم کے ہیرو پہلے بھی جمانجی کے خطرناک جنگلوں سے بچ نکلنے میں کامیاب رہے ہیں، لیکن اس بار گیم اپنے کنسول سے باہر آکر افراتفری کو حقیقی دنیا تک لے آتی ہے۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں نک جوناس، آکوافینا اور ڈینی ڈیویٹو بھی شامل ہیں۔ فلم کو کرسمس کے موقع پر 25 دسمبر کو سینما گھروں میں پیش کیا جائے گا۔

Load Next Story