حیدرآباد پریس کلب کا نومنتخب تاجر رہنماؤں کے اعزاز میں عشائیہ

ادارے نے ہمیشہ کاروباری برادری کے جائز مسائل اور مطالبات کو اجاگر کیا ہے، جنید خانزادہ

حیدرآباد:

حیدرآباد پریس کلب کی جانب سے چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں تاجر رہنماؤں، صنعتکاروں، صحافیوں اور پریس کلب کے عہدیداران نے شرکت کی۔

عشائیے میں چیمبر کے نومنتخب صدر ندیم احمد صدیقی، سینئر نائب صدر محمد فہد میاں، نائب صدر عرفان عاربیانی، سرپرستِ اعلیٰ سیٹھ امین کھتری، چیئرمین سائٹ ایسوسی ایشن زبیر گھانگھرا، معروف صنعتکار نور احمد گھانگھرا اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان شریک ہوئے۔ اس موقع پر چیمبر کے سابق صدور، حیدرآباد پریس کلب کے سابق عہدیداران اور گورننگ باڈی کے ارکان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر نومنتخب صدر ندیم احمد صدیقی نے کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل اجاگر کرنے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ چیمبر کے سابق صدر سلیم عمر میمن نے کہا کہ چیمبر حیدرآباد کے مسائل کے حل کے لیے عملی کردار ادا کر رہا ہے۔

پریس کلب کے صدر جنید خانزادہ نے کہا کہ ادارے نے ہمیشہ کاروباری برادری کے جائز مسائل اور مطالبات کو اجاگر کیا ہے اور تجارت و صنعت کے فروغ سمیت شہر کے معاشی مسائل کے حل کے لیے مؤثر آواز بلند کرتا رہے گا۔

سابق صدر پریس کلب خالد کھوکھر نے کہا کہ حیدرآباد کے تاجروں اور صنعتکاروں نے ہر دور میں شہر کے لیے آواز اٹھائی ہے، جبکہ پریس کلب کے سیکریٹری اشوک شرما نے کہا کہ پریس کلب تمام طبقات کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

Load Next Story