کراچی: فرنیچر مارکیٹ میں لگنے والی خوفناک آتشزدگی پر قابو پا لیا گیا
شہر قائد کے علاقے گلستانِ جوہر میں کامران چورنگی کے قریب فرنیچر مارکیٹ میں آگ بھڑک اٹھی جس نے ملحقہ رہائشی عمارت کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم عمارت میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں، ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینس جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئیں۔ فرنیچر مارکیٹ میں لگی آگ بجھانے کے لیے فائر فائٹنگ آپریشن جاری ہے۔
آتش زدگی کے بعد کے الیکٹرک نے حفاظتی اقدامات کے تحت گلستانِ جوہر بلاک کی بجلی بند کردی۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق گلستانِ جوہر اور شارع فیصل پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کردی ہے۔
ریسکیو اور پولیس اہلکار آگ پر مکمل قابو پانے اور صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ تاحال آتش زدگی کی وجہ اور مالی نقصان سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔