کراچی، مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
فوٹو: فائل
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان مقابلوں کے نتیجے میں 5 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔
چھیپا ذرائع کے مطابق نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے سیکٹر 11 جے میں پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکو زخمی ہوئے، جنہیں گرفتار کرکے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت الیاس سمیت دیگر کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسرے واقعے میں قائد آباد پولیس نے لانڈھی ریلوے لائن پرانی پولیس چوکی کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جس کی شناخت 24 سالہ معراج کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ادھر نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے سیکٹر 12 ڈی، لیاری ندی کے قریب پولیس مقابلے میں مزید 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے، جن کی شناخت 22 سالہ ریحان اور 25 سالہ ذیشان کے نام سے کی گئی۔ دونوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کی گئی ہے۔