کراچی: جعلی پولیس مقابلے میں نوجوان کو قتل کرنے والے پولیس اہلکار کو سزائے موت سنادی گئی
ماڈل کرمنل کورٹ ایسٹ نے گلستان جوہر میں جعلی پولیس مقابلے میں نوجوان کے قتل کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر پولیس اہلکار شہریار کو سزائے موت سنادی۔
عدالت نے شریک ملزمان ناصر اور فیصل کو عمر قید کی سزا سنادی، عدالت نے ملزمان کو فی کس پانچ لاکھ روپے بطور معاوضہ مقتول کے ورثا کا ادا کرنے کا حکم دیا۔
ملزمان کے خلاف تھانہ شارع فیصل میں 2022 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، پراسیکیوشن نے کہا کہ شاہین فورس کے پولیس اہلکاروں نے الہٰ دین پارک کے قریب عامر کو رکنے کا اشارہ کیا، مقتول عامر کے نا رکنے پر پولیس اہلکاروں نے تعاقب کیا۔
پراسیکیوشن نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے رہائشی فلیٹ میں داخل ہوکر عامر پر فائرنگ کی، اہلکاروں نے ابتدائی طور پر واقعہ پولیس مقابلہ ظاہر کیا تھا۔