بجلی صارفین پر سردیوں میں بھی اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ
پاور ڈویژن نے دسمبر، جنوری اور فروری بجلی صارفین کے لیے مشکل ترین مہینے قرار دے دیے ہیں۔
بجلی صارفین پر سردیوں میں بھی مہنگی بجلی کا اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے، دسمبر سے فروری تک فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں دو سے تین گنا اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ایل این جی، کوئلے اور دیگر ایندھن کی قیمتیں بجلی کی پیداواری لاگت بڑھانے لگیں جس کے سبب سردیوں میں پن بجلی کی پیداوار کم ہونے سے مہنگے ایندھن پر انحصار بڑھنے کا خدشہ ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق مقامی گیس کی قلت کے باعث بجلی گھروں کو گیس کی فراہمی بھی بڑا چیلنج ہوگی، سردیوں میں مقامی گیس کی محدود فراہمی کے باعث بجلی کی پیداوار متاثر ہونے کا امکان ہے۔
اسی طرح، عالمی منڈی میں ایندھن کی بلند قیمتیں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کا سبب بنیں گی جس کے باعث دسمبر سے فروری تک بجلی صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔
بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم رکھنے کے لیے گزشتہ مہینوں میں دو گھنٹے لوڈ مینجمنٹ بھی کی گئی جبکہ دسمبر سے فروری کے دوران بھی بجلی کی لوڈ مینجمنٹ میں اضافے کا امکان ظاہر کر دیا گیا۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں ایل این جی سمیت دیگر ایندھن کی قیمتیں بلند سطح پر پہنچ گئیں۔