ایم کیو ایم رہنما کا چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نثار کھوڑو کو کے ایم سی کی مبینہ بے ضابطگیوں پر خط

خط میں کہا گیا کہ کے ایم سی کی 188 ترقیاتی اسکیموں کے 7.5 ارب روپے کے استعمال کی تحقیقات کرائی جائیں

ڈپٹی پارلیمانی لیڈر ایم کیو ایم پاکستان و رکن پبلک اکاؤنٹس کمیٹی طحہٰ احمد خان نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نثار کھوڑو کو کے ایم سی کی مبینہ بے ضابطگیوں پر خط لکھا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کے ایم سی کی 188 ترقیاتی اسکیموں کے 7.5 ارب روپے کے استعمال کی تحقیقات کرائی جائیں، رواں مالی سال 15 سے 16 ارب روپے کے ترقیاتی ٹینڈرز میں شفافیت یقینی بنائی جائے اور کے ایم سی کی ترقیاتی اسکیموں اور ٹینڈرنگ کے عمل کی سی ایم آئی ٹی سے انکوائری کرائی جائے۔

طحہٰ احمد خان نے کہا کہ ترقیاتی ٹھیکوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور مداخلت کا تعین کیا جائے، ترقیاتی اسکیموں پر اربوں روپے خرچ ہونے کے دعوے صرف کاغذوں تک محدود ہیں، ترقیاتی منصوبوں کے نام پر مخصوص لوگوں کی جیبیں بھری جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کے ٹیکس کے پیسے پر بدترین کرپشن ہو رہی ہے، اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود کراچی کے شہری ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں، کراچی کے عوام آج بھی بنیادی شہری سہولیات سے محروم ہیں اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ملازمین پنشن سے محروم ہیں۔ کرپشن اور بدانتظامی کے باعث کراچی کے شہریوں کے حالات بد سے بدتر ہو رہے ہیں۔

Load Next Story