شانگلہ میں اسکول وین حادثے میں ایک بچہ جاں بحق، 17 زخمی
شانگلہ میں اسکول وین کھائی میں گرنے سے ایک بچہ جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق اسکول کے قریب پیش آنے والے حادثے میں ایک طالب علم جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے، تمام زخمی بچوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال الپوری منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد ڈپٹی کمشنر شانگلہ حامد علی نے ڈی ایچ کیو اسپتال کا دورہ کیا، زخمی طلبہ کی عیادت کی اور اسپتال انتظامیہ سے علاج معالجے اور طبی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ لی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اسکول وین کھائی میں گرنے کے افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے.
انہوں نے جاں بحق بچے کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچے کی قیمتی جان کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور ناقابل تلافی نقصان ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔