بھارت میں آسمان کا رنگ اچانک سرخ ہوگیا، ویڈیوز وائرل

غیر معمولی سرخی مائل آسمان کا منظر ارنب طوفان کے آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد دیکھا گیا

بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع دانتے واڑہ کے علاقے کراندول میں آسمان کا غیر معمولی گہرا سرخ رنگ شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔ 

یہ منظر ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سمندری طوفان ’ارنب‘ کے اثرات کے باعث ریاست کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور مسلسل ابر آلود موسم کا سلسلہ جاری ہے۔

غیر معمولی سرخی مائل آسمان کا منظر طوفان کے آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد اندرونِ ملک پیش قدمی کے دوران دیکھا گیا۔ بدھ کو ریاستی دارالحکومت رائے پور سمیت کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم ابر آلود رہا۔ خراب موسم اور شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر متاثرہ اضلاع میں حکام نے جمعرات 29 اکتوبر کو اسکول بند رکھنے کا اعلان بھی کیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں کراندول کا آسمان گہرے سرخ رنگ میں ڈوبا دکھائی دیتا ہے۔ بعض افراد نے اس منظر کو سمندری طوفان سے پیدا ہونے والی فضائی تبدیلیوں کا نتیجہ قرار دیا ہے، تاہم اب تک اس غیر معمولی رنگ کی اصل وجہ کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

ماہرین کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث فضا میں معلق گردوغبار، ریت یا سرخ آئرن والی مٹی کے ذرات بھی آسمان کو سرخی مائل دکھا سکتے ہیں۔ چھتیس گڑھ کے بعض علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جبکہ جھکڑوں کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ دنیا کے دیگر حصوں، خصوصاً آسٹریلیا میں بھی بعض طوفانوں سے قبل آسمان کے اسی طرح سرخ دکھائی دینے کے مناظر سامنے آچکے ہیں۔

Load Next Story