بھارتی ٹیم کو دھچکا، اہم بولر نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز سے باہر

بھارتی اسکواڈ پہلے ہی جسپریت بمراہ کی خدمات سے محروم ہے

بھارتی فاسٹ بولر پرسدھ کرشنا نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں اور اب وہ نیوزی لینڈ اے کے خلاف تیسرے اور آخری چار روزہ میچ میں انڈیا اے اسکواڈ کا حصہ بنیں گے۔

دوسری جانب محمد سراج نیوزی لینڈ اے کے خلاف دوسرے چار روزہ میچ میں انڈیا اے کی جانب سے دستیاب ہوں گے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے مطابق پرسدھ کرشنا بائیں ران کی ہیمسٹرنگ انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ تاہم، انہیں میچ کھیلنے کے لیے درکار فٹنس بحال کرنے میں مزید وقت درکار ہے۔

بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ ون ڈے سیریز سے دستبرداری انہیں میچ پریکٹس حاصل کرنے اور ٹیسٹ سیریز کی تیاری کا موقع فراہم کرے گی۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز 4 سے 15 نومبر تک کھیلی جائے گی جبکہ دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 19 نومبر سے ہوگا۔

پرسدھ کرشنا کے متبادل کھلاڑی کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔ وہ 30 ستمبر کو گوہاٹی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں صرف پانچ اوورز کرانے کے بعد انجری کا شکار ہوگئے تھے۔

بھارتی اسکواڈ پہلے ہی جسپریت بمراہ کی خدمات سے محروم ہے، جو صرف ٹیسٹ سیریز میں حصہ لیں گے۔

Load Next Story