کراچی: لیاقت آباد میں ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار حاملہ خاتون جاں بحق، شوہر زخمی
لیاقت آباد میں تیز رفتار ٹرالر نے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو روند ڈالا، حادثے کے نتیجے میں حاملہ خاتون جاں بحق جبکہ اس کا شوہر زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد نمبر 10 کے قریب ٹرالر نے موٹرسائیکل پر شوہر کے ہمراہ سوار خاتون کو کچل دیا، حادثے کے بعد ٹرالر ڈرائیور فرار ہوگیا جبکہ مشتعل شہریوں ٹرالر پر شدید پتھراو کرکے پہلے شیشے توڑے اور پھر ٹرالر کو نذر آتش کردیا۔
حادثے کا سبب بننے والے ٹرالر پر گتے کے رول لوڈ تھے۔ جو آتشزدگی کے سبب جل کر خاکستر ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچیں۔ فائر برگیڈ نے ایک فائر ٹینڈر کی مدد سے ٹرالر میں لگی آگ کو کنٹرول کیا۔
پولیس نے چھیپا ایمبولینس کی مدد سے حادثے میں جاں بحق خاتون اور زخمی شوہر کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، جہاں متوفیہ کی شناخت فائزہ کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی شوہر فہیم کو طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی متاثرہ میاں بیوی کے اہل خانہ عباسی شہید اسپتال پہنچے تو رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔ خواتین بچوں سمیت متاثرہ خاندان کا ہر شخص ماتم کدہ نظر آیا۔
متوفیہ کے بڑے بھائی مظہر نے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فائزہ حاملہ تھی اور شوہر کے ہمراہ سندھ گورنمنٹ اسپتال طبی معائنے کے لیے آئی تھی۔
اسپتال میں طبی معائنے کے بعد احسن آباد میں واقعے اپنے گھر واپس جارہے تھے کے اسپتال سے کچھ فاصلے پر حادثے کا شکار ہوگئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ متوفیہ کے دو بچے تھے جن میں ایک بیٹی اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ جبکہ متوفیہ 7 بھائی اور 3 بہنوں سمیت دس بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے فوری بعد ٹرک ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ پولیس نے ٹرک اور موٹرسائیکل تحویل میں لے کر فرار ہونے والے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کراچی میں مختلف ٹریفک حادثات کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 745 سے تجاوز کرچکی ہے۔