شاہراہ بھٹو کو ماڈل ایکسپریس وے بنانے کیلیے سندھ حکومت کے بڑے فیصلے

شاہراہ بھٹو ایکسپریس وے منصوبہ نہایت اہم اور اس کی سیکیورٹی انتہائی ضروری ہے، صوبائی وزیر داخلہ

کراچی:

سندھ حکومت نے شاہراہ بھٹو کو ماڈل ایکسپریس وے بنانے کے لیے بڑے فیصلے کرلیے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت شاہراہ بھٹو ایکسپریس وے منصوبے سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو ایکسپریس وے منصوبہ نہایت اہم اور اس کی سیکیورٹی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو ایکسپریس وے کی سیکیورٹی حکمت عملی اور لائحہ عمل کا از سر نو جائزہ لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو ایکسپریس وے ایک نیا پروجیکٹ ہے اور حکومت سندھ کا اس پر خصوصی فوکس ہے۔وزیر داخلہ سندھ نے شاہراہ بھٹو کے لیے 2 موبائل مکینک وینز جلد سے جلد تیار کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات بھی جاری کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ بھٹو پر اچانک خراب ہونے والی گاڑیوں کے لیے ٹو وہیکل کا بھی انتظام کیا جائے۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ شاہراہ بھٹو ایکسپریس وے کو ایک ماڈل روڈ بنانا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ایسی شاہراہوں کو صوبے کے دیگر اضلاع تک وسعت دینا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شاہراہ بھٹو کے داخلی و خارجی راستوں و دیگر مقامات پر باقاعدہ مارکنگ کرکے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے اقدامات کیے جائیں اور ان کیمروں کو سیف سٹی پروجیکٹ/ایس 4 کاحصہ بنایا جائے۔

ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت پیش رفت یقینی بنائیں۔ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ کاری اور تعاون ناگزیر ہے۔شاہراہ بھٹو ایکسپریس وے منصوبے سے متعلق امور کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے متعلقہ حکام اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے حوالے سے درپیش مسائل اور انتظامی امور کا جائزہ لے کر قابل عمل اقدامات پر مشتمل سفارشات تیار کی جائیں۔ سندھ حکومت عوامی مفاد کے منصوبوں میں پیش رفت اور متعلقہ اداروں کے درمیان موثر ہم آہنگی کو اہمیت دیتی ہے۔

اس موقع پر آئی جی سندھ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ  شاہراہ بھٹو ایکسپریس وے کی سیکیورٹی کے لیے موبائل پیٹرولنگز شب و روز جاری ہے۔ ٹریفک،تھانہ پولیس وہ ہائی ویز پولیس شاہراہ بھٹو پر مسلسل مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درکار وسائل و جدید الات/ وہیکلز کے حوالے سے جلد سفارشات محکمہ داخلہ کو ارسال کی جائیں گی۔

اجلاس میں معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و سرکاری و نجی شراکت داری کے منصوبے قاسم نوید قمر،سیکریٹریز خزانہ،ٹرانسپورٹ اور بلدیات سمیت ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ,دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ ایڈیشنل آئی جی کراچی, ڈی آئی جیز,ٹریفک،ہائی ویز، ایسٹ زون اور تنویر گادی و دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔

Load Next Story