روسی حملوں سے یوکرین اندھیرے میں ڈوب گیا، دو لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم

یوکرینی حکام کے مطابق سردیوں سے پہلے بجلی نظام پر حملوں کے باعث لاکھوں افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے

کیف: یوکرین کے وسطی علاقے دنیپروپیٹروفسک میں روسی حملوں کے بعد دو لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق روسی میزائلوں اور ڈرون حملوں سے بجلی کا نظام شدید متاثر ہوا، جبکہ ایک روز قبل ریلوے اسٹیشن پر روسی ڈرون حملے میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یوکرینی فضائیہ نے بتایا کہ روس نے رات کے وقت مختلف علاقوں کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دنیپرو شہر میں بڑے پیمانے پر بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

متعلقہ بجلی کمپنی کے مطابق گرڈ آپریٹر نے دنیپرو شہر، اس کے نواحی اضلاع اور پاولوہراد کے بعض علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر بجلی بند کرنے کے احکامات جاری کیے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ روسی حملوں سے بجلی کی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے اور توانائی کے شعبے کے کارکن اہم تنصیبات کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔

بجلی کی بندش سے ایک روز قبل جمعرات کو دنیپرو کے ایک مصروف ریلوے پلیٹ فارم پر روسی ڈرون حملہ ہوا تھا، جس میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے اس حملے کو ہولناک قرار دیا تھا۔

یوکرین کا کہنا ہے کہ روس جنگ کے دوران مسلسل توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہا ہے تاکہ ملک کی مزاحمت کمزور کی جاسکے۔ یوکرینی حکام کے مطابق سردیوں سے پہلے بجلی اور حرارتی نظام پر حملوں کے باعث لاکھوں افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے رات کے دوران روس کے مختلف علاقوں میں یوکرین کے ایک ہزار سے زائد ڈرون مار گرائے۔ یہ دعویٰ روسی وزارت دفاع کی جانب سے کیا گیا ہے۔

Load Next Story