عدالتی حکم پر عدم عمل درآمد اور عدالت میں غلط بیانی سے متعلق دو توہین عدالت کیسز سماعت کے لیے مقرر
(فوٹو : فائل)
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے اور عدالت میں غلط بیانی سے متعلق دو توہین عدالت کیسز سماعت کے لیے مقرر کردیا۔
عدالت میں غلط بیانی پر سی ڈی اے ممبر اسٹیٹ زمان ووٹو کے خلاف توہین عدالت کیس 3 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا، عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے سے متعلق چیئرمین سی ڈی اے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست بھی تین نومبر کو مقرر کی گئی۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر شہری محمد شریف کی درخواست پر سماعت کرینگے، رجسٹرار آفس نے کیس مقرر کرنے کی کازلسٹ جاری کر دی۔
گزشتہ سماعت 28 اکتوبر کو بنچ کی عدم دستیابی کے باعث منسوخ ہو گئی تھی ، ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے زمان وٹو نے اپنا جواب جمع کروایا تھا۔
عدالت نے دوسرا جواب جمع کروانے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا تھا، توہین عدالت کیس میں عدالت نے عدنان علی کو پراسیکیوٹر مقرر کر رکھا ہے، عدالت نے توہین عدالت کیس میں تعینات پراسیکیوٹر کو تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کر رکھی ہے۔