’شرمناک بیان ناقابل قبول، حکام فوری کارروائی کریں‘، سپریم کورٹ بار کی کیپٹن (ر) صفدر کے بیان کی مذمت
کیپٹن (ر) صفدرکے لندن میں معالج سے بھی رابطہ کر لیا گیا ہے، ذرائع۔ فوٹو: فائل
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کیپٹن (ر) محمد صفدر کے بیان کی شدید مذمت کی ہے اور اس کی 28ویں ایگزیکٹو کمیٹی نے عاصمہ جہانگیر کے بارے میں حالیہ بیان پر شدید اظہارِ تشویش کیا ہے۔
سپریم کورٹ بار نے کہا کہ کیپٹن (ر) محمد صفدر اعوان کے عاصمہ جہانگیر سے متعلق بیانات قابلِ مذمت ہیں، عاصمہ جہانگیر کے بارے میں بیانات نے پوری قانونی برادری کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی، عاصمہ جہانگیر نے اپنی زندگی انصاف، انسانیت اور انسانی حقوق کے لیے وقف کی، خواتین کے خلاف توہین آمیز بیانات کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔
سپریم کورٹ بار نے کہا کہ خواتین کے خلاف ایسے بیانات شرمناک اور ناقابلِ قبول ہیں، خواتین کے خلاف غیر حساس اور توہین آمیز بیانات پر شرمندہ ہونا چاہیے، متعلقہ حکام فوری نوٹس لیں اور قانون کے مطابق کارروائی کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ عاصمہ جہانگیر کی جدوجہد اور خواتین کے احترام پر حملہ برداشت نہیں کریں گے، ایسے بیانات پر قانونی کارروائی بھی ہو سکتی ہے، تقسیم پیدا کرنے والے اور عدم برداشت پر مبنی رویوں کو روکنا ضروری ہے۔
پاکستان بار کونسل نے بھی کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے حالیہ بیان کیخلاف اعلامیہ جاری کردیا، پاکستان بار کونسل نے کہا کہ کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔