غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں، 2 فلسطینی شہید

نصیرات کے شمال میں جاں بحق ہونے والے فلسطینی کی شناخت ضیاء ابو الروس کے نام سے ہوئی ہے

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں مزید دو فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔

طبی ذرائع کے مطابق ایک فلسطینی نصیرات کیمپ کے شمال میں اسرائیلی ڈرون حملے میں مارا گیا، جبکہ دوسرا فلسطینی چند روز قبل غزہ سٹی کے علاقے تل الہوا میں ایک گاڑی پر کیے گئے حملے میں زخمی ہوا تھا، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

نصیرات کے شمال میں جاں بحق ہونے والے فلسطینی کی شناخت ضیاء ابو الروس کے نام سے ہوئی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ڈرون نے بجلی کمپنی کے ہیڈکوارٹر کے قریب ایک علاقے کو نشانہ بنایا۔ دوسری جانب عرفات الارعیر تل الہوا میں ہونے والے ایک سابقہ حملے میں شدید زخمی ہوا تھا اور الشفا اسپتال میں اس کی موت کی تصدیق کی گئی۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود غزہ کے مختلف علاقوں میں توپ خانے کی گولہ باری، فائرنگ اور بحری حملے بھی رپورٹ ہوئے۔ شمالی غزہ کے بیت لاہیا، غزہ سٹی، جنوبی علاقے خان یونس اور وسطی غزہ کے دیر البلح میں مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا جبکہ غزہ سٹی کے ساحل کے قریب اسرائیلی بحری جہازوں کی جانب سے بھی فائرنگ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

Load Next Story