’’تمہارا خواب پورا میں کروں گا‘‘، سنجے دت کا ہدایت کار سنجے گپتا کی موت پر جذباتی پیغام

سنجے گپتا نے سنجے دت کے ساتھ ’کانٹے‘، ’مسافر‘، ’زندہ‘ اور ’شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈ والا‘ جیسی فلموں میں کام کیا تھا

بالی ووڈ اداکار سنجے دت اپنے قریبی دوست اور ہدایت کار سنجے گپتا کے انتقال پر غم زدہ ہیں۔ انہوں نے دوست کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ فلم ’کانٹے 2‘ بنانے کا خواب پورا کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

سنجے دت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں سنجے گپتا کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں اب بھی یقین نہیں آرہا کہ ان کا بھائی اور دوست دنیا سے چلا گیا ہے۔ دونوں نے زندگی کے کئی برس ساتھ گزارے، بے شمار یادیں بنائیں اور دوستی کے انمول لمحات شیئر کیے۔ اداکار کے مطابق سنجے گپتا ہمیشہ ان کے خاندان کا حصہ رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوست کی کمی ہمیشہ محسوس ہوگی اور ان کے ساتھ ہونے والی گفتگو اور یادیں دل میں زندہ رہیں گی۔ سنجے دت نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ہی دونوں کے درمیان ’کانٹے 2‘ بنانے کے حوالے سے بات ہوئی تھی۔ اب وہ اپنے دوست کی یاد میں یہ فلم بنانے اور اس کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی پوری کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ فلم ’کانٹے‘ کے ہدایت کار سنجے گپتا 57 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کی موت باتھ روم میں گرنے کے باعث ہوئی۔ انہوں نے سنجے دت کے ساتھ ’کانٹے‘، ’مسافر‘، ’زندہ‘ اور ’شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈ والا‘ جیسی فلموں میں کام کیا تھا۔

Load Next Story