امریکا: آزاد و غلام ریاستوں میں حد بندی کرنے والا نقشہ لاکھوں ڈالر میں نیلام
(تصویر: اے پی)
امریکا میں آزاد اور غلام ریاستوں کے درمیان حد بندی کرنے والی میسن-ڈکسن لائن کا ہاتھ سے تیار کردہ نقشہ جمعرات کے روز نیلامی میں 9 لاکھ 50 ہزار ڈالر میں فروخت ہوگیا۔
امریکی تاریخ کے اہم ترین نقشوں میں شمار ہونے والے اس نقشے کی ملکیت حاصل کرنے کے لیے 45 بولی دہندگان نے تقریباً تین منٹ تک مقابلہ کیا۔
میسن-ڈکسن لائن کے ذریعے تقسیم ہونے والی ریاستوں کے اس نقشے کی ابتدائی بولی 4 لاکھ ڈالر سے شروع ہوئی تھی۔ یہ نقشہ 1768 میں ماہرینِ پیمائش چارلس میسن اور جیریمیا ڈکسن نے تیار کیا تھا۔
نقشے کی نیلامی آن لائن اور شمالی کیرولائنا کے شہر ایشویل میں واقع برَنک آکشنز میں بیک وقت منعقد ہوئی۔
اگرچہ یہ نقشہ نیلامی میں متوقع زیادہ سے زیادہ قیمت 12 لاکھ ڈالر حاصل نہ کر سکا لیکن نیلام گھر کی نائب صدر لارین برَنک نے فروخت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک نقشے کے لیے یہ بہت بڑی قیمت ہے۔