دانش اسکولوں میں اے آئی، آئی ٹی پر مبنی جدید طریقہ کار اپنایا جائے، وزیراعظم
فوٹو: فائل
وزیراعظم شہباز شریف نے دانش اسکولوں میں معیار پر سمجھوتہ ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ دانش اسکولوں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) پر مبنی جدید طریقہ کار اپنایا جائے
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک بھر میں دانش اسکولوں کی تعمیر کی پیش رفت کے حوالے سے بذریعہ زوم آن لائن جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے دانش اسکولوں کی بروقت تکمیل کے لیے تعمیراتی کام تیز کرنے اور تعمیراتی سرگرمیاں 24 گھنٹے جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے بچے ملک کا مستقبل ہیں اور دانش اسکول ملک کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہیں، دانش اسکولوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہوگا، ان اسکولوں میں صرف انتہائی غریب اور مستحق گھرانوں کے بچوں کو میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دانش اسکولوں میں طلبہ کی تعلیم و تربیت کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) پر مبنی جدید طریقہ کار اپنایا جائے اور انہوں نے اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے، سہولیات اور خدمات کے معیار کی جانچ کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے وزارت مواصلات کو گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں دانش اسکولوں تک آسان رسائی کے لیے سڑکوں کا بہترین نظام قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع (سابق فاٹا) میں دانش اسکولوں کی تعمیر کے لیے حکمت عملی جلد از جلد پیش کی جائے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، سندھ اور بلوچستان میں دانش اسکولوں کی تعمیر کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔