ڈبلیو ڈبلیو ای کے زخمی لیجنڈ نے اپنی صحت سے متعلق تفصیلات بتا دیں
ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف ریسلنگ لیجنڈ رِک فلیئر نے گرنے کے باعث زخمی ہونے کے بعد اپنی متاثرہ آنکھ کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 77 سالہ ریسلنگ اسٹار کو اس حادثے کے بعد مزید سرجری کروانا پڑے گی۔
ریسلنگ کی دنیا میں نیچر بوائے کے نام سے مشہور لیجنڈ امریکی ریاست فلوریڈا میں یو ایس ایف ہیلتھ کے عملے کے ساتھ تصویر بنوا کر سوشل میڈیا پر اپنی طبیعت کے حوالے سے تازہ صورت حال بتائی۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ایک اور سرجری اور ممکنہ طور پر جلد کی پیوندکاری کے بعد وہ دوبارہ معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں گے۔
رِک فلیئر نے یو ایس ایف ہیلتھ آئی انسٹی ٹیوٹ کے عملے کا بھی شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ ریسلنگ کی دنیا کے اس لیجنڈ کو گزشتہ جمعے امریکی شہر ٹمپا، فلوریڈا میں واگاماما کے ایک ریسٹورنٹ کے باہر گرنے کے بعد ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔