ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب میں بھگدڑ سے 1 جاں بحق، 13 زخمی
مشہور ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی شادی کی تقریب میں بھگدڑمچنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے ڈسکہ روڈ پر واقع فراز اسپورٹس اسٹیڈیم میں عنصر جٹ المعروف مشہور ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے سلسلے میں انعامی کی تقسیم کی جارہی تھی جس میں شرکت کیلیے لوگوں کی بڑی تعداد پہنچی۔
اسٹیڈیم کے گیٹ مقررہ وقت سے پہلے کھولے جانے کے باعث اچانک بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 14 افراد زخمی و متاثر ہوئے جبکہ ایک شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 کی چار ایمبولینسز اور ایک موٹر بائیک ایمبولینس نے 6 منٹ میں جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے تمام متاثرین کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ منتقل کیا۔
اسپتال منتقلی کے بعد عقیل ولد بشیر احمد، عمر 30 سال، سکنہ بڈھا گورایہ، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا، جبکہ دیگر 13 زخمی و متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بڑے اجتماعات کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھیں، دھکم پیل سے گریز کریں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب سیالکوٹ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تقریب میں انعامی قرعہ اندازی کے لیے بڑی تعداد میں لوگ اسٹیڈیم کے باہر جمع تھے اور گیٹ کھلنے پر اچانک بھگدڑ مچ گئی۔