بدنام زمانہ ایپیسٹین جنسی اسکینڈل؛ برطانوی شاہی محل میں لڑکیاں اسمگل ہو رہی تھیں؟
یہ کہانی اسکاٹ لینڈ کے شاہی محل بالمورل کے گرد گھومتی ہے جہاں ان دنوں اسکاٹش پولیس ایک انتہائی حساس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس اس وقت کی کھوج لگا رہی ہے جو بدنام زمانہ مجرم جیفری ایپسٹین نے برطانوی شاہی خاندان کے اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونڈسر (سابقہ پرنس اینڈریو) کے ساتھ اس نجی شاہی محل میں گزارا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں اس حوالے سے کچھ معلومات موصول ہوئی ہیں جن پر ابتدائی مراحل کی انکوائری جاری ہے۔ یہ تفتیش ان الزامات سے جڑی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ خواتین کو غیر قانونی طور پر بالمورل لایا گیا تھا۔
پرنس اینڈریو سے ان کے بھائی برطانوی بادشاہ چارلس پہلے ہی شاہی القابات واپس لے چکے ہیں۔ اس سال فروری میں انہیں عوامی عہدے کے غلط استعمال کے شبہے میں گرفتار بھی کیا گیا تھا اور بعد میں پوچھ گچھ کے بعد رہا کر دیا گیا۔
دوسری طرف امریکی استغاثہ کی جانب سے ماضی میں جاری کی گئی تصاویر میں جیفری ایپسٹین اور اس کی ساتھی غزلین میکسویل کو بالمورل محل میں وقت گزارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
شاہی محل (بکنگھم پیلس) نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا جبکہ اینڈریو نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو سختی سے مسترد کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی تمام تر توجہ متاثرہ خواتین کو انصاف فراہم کرنے پر ہے۔