اسلام آباد میں نائٹ ریس کا انعقاد، شرکاء کی ہالووین طرز کے لباس پہن کر شرکت
وفاقی دارالحکومت میں رن وِد اَس کے زیرِ اہتمام پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں آفٹر گلو ڈیش نائٹ ریس کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں اور بڑوں سمیت تقریباً ایک ہزار رنرز نے شرکت کی۔
رنگ برنگے چہروں، چمکتی روشنیوں اور آتش بازی نے اس رات کو مزید یادگار بنا دیا۔
رن وِد اَس کے زیرِ اہتمام آفٹر گلو ڈیش کے دوسرے ایڈیشن میں پہلے بچوں کی تفریحی دوڑ ہوئی جس کے بعد پانچ کلومیٹر ریس کا انعقاد کیا گیا۔
اکتیس اکتوبر کی مناسبت سے بعض رنرز ہالووین طرز کے میک اَپ میں نظر آئے تو کچھ نے چہروں پر چمکیلے رنگ اور گلیٹر سجا رکھے تھے۔
اگرچہ ریس کا اصل موضوع نائٹ رن تھا تاہم شرکا نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے اسے رنگا رنگ جشن میں بدل دیا۔
آتش بازی، روشنیوں اور شرکا کے جوش و خروش نے ماحول کو مزید خوشگوار بنا دیا۔
منتظمین کا مقصد شہریوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور دوڑ کے ذریعے فٹنس کے ساتھ تفریح کے مواقع فراہم کرنا تھا۔