سیالکوٹ: این او سی کی شرائط کی خلاف ورزی پر ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی محفل سماع و قوالی نائٹ منسوخ
پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں ڈسکہ روڈ پر نجی فنکشن کے دوران ٹک ٹاکر کی محفل سماع و قوالی نائٹ کا پروگرام این او سی کی شرائط کی خلاف ورزی پر شروع ہونے سے قبل ہی منسوخ کر دیا گیا۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق این او سی کی شرائط کے تحت پروگرام کا آغاز نماز عشاء کے بعد ہونا طے پایا تھا، تاہم آرگنائزرز کی جانب سے مقررہ وقت سے قبل شام تقریباً چار بجے ہی انتظامات میں بے ضابطگیوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
ترجمان کے مطابق موصولہ اطلاعات اور رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے فوری کارروائی کرتے ہوئے این او سی منسوخ کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی ممکنہ خلاف ورزی کا پیشگی نوٹس لیتے ہوئے ایونٹ شروع ہونے سے قبل ہی اجازت نامہ منسوخ کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات سیالکوٹ میں معروف ٹک ٹاکر کی مہندی کی تقریب میں بھگدڑ مچنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جب کہ 13 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹک ٹاکرکی مہندی کی تقریب ڈسکہ روڈ پر واقع اسٹیڈیم میں منعقد کی گئی تھی۔
تقریب میں دعوت عام دی گئی تھی جب کہ تقریب میں انعام کے لیے قرعہ اندازی کا اعلان بھی کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے اسٹیڈیم کے باہرشہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔