خیبرپختونخوا میں شہدا کے بچوں کی تعلیم کیلیے اسکالرشپ پروگرام کا آغاز

اسکالرشپ شہدا کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی اور ان کی معاونت کے عزم کا عملی اظہار ہے، گورنر فیصل کریم کنڈی

خیبرپختونخوا میں شہدا کے بچوں کی تعلیم کے لیے اسکالرشپ پروگرام کا آغاز ہوگیا۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور پاکستان سویٹ ہومز کی مشترکہ کوشش سے شہدا کے بچوں کی تعلیم کے لیے فخرِ شہدا اسکالرشپ پروگرام شروع کردیا گیا، جس کے تحت انہیں پہلی جماعت سے انٹرمیڈیٹ تک مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دفاعِ وطن کے لیے جان قربان کرنے والے پاک فوج، پولیس، لیویز اور ایف سی اہلکاروں کے بچوں کو انٹرمیڈیٹ تک مفت تعلیم دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اسکالرشپ شہدا کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی اور ان کی معاونت کے عزم کا عملی اظہار ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے کے بچوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنا اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہدا کے بچوں کے لیے خصوصی کیڈٹ کالج قائم کرنے کا بھی اعلان کیا اور بتایا کہ اس مقصد کے لیے سرکاری زمین فراہم کی جائے گی۔

Load Next Story