خیبر پختونخوا حکومت کا غیر قانونی افغان باشندوں کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کا اعلان

لوڈشیڈنگ پر حکام سے بات کریں گے، بجلی مالِ غنیمت نہیں، صارفین کو بل ادا کرنا پڑے گا، گورنر خیبر پختونخوا

پشاور:

خیبر پختونخوا حکومت نے غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی افغانوں کے حوالے سے وہی پالیسی ہے جو وفاق کی ہے۔ جو بھی غیر قانونی افغان ہوگا، اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ویزا لے کر آئیں، ہم  ویلکم کہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی غیر قانونی غیر ملکیوں کو رہنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا کسی کے پریشر میں نہیں آئیں گے۔ لوڈ شیڈنگ پر حکام سے بات کریں گے لیکن بجلی مالِ غنیمت نہیں صارفین کو بل ادا کرنا پڑے گا۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ایسی ٹیکنالوجی لائی جارہی ہے جس سے فیڈر کے بجائے ٹرانسفارمرز پر لوڈ شیڈنگ ہوگی۔ وزیر اعظم کی بڑی مہربانی ہے جو 160 ارب دئے خیبر پختونخوا کو دیے۔ اس کی 70 فیصد رقم ان علاقوں میں خرچ ہوگی جو ماضی میں محروم رہے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ سہیل افریدی ہوں یا کوئی اور، کرپشن کے چارجز ہوئے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سڑکوں کے درمیان جہاں بھی بجلی کھمبے ہیں پیسکو کو کہہ کر ہٹا دئے جائیں گے۔

قبل ازیں سپاوس 2026ء یورالوجیکل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ صحت اہم شعبہ ہے۔ روبوٹک سرجری اور دیگر جدت اس شعبے میں مزید ریسرچ لارہی ہے، جو قابل ستائش ہے۔ خیبر پختونخوا کے ضم اضلاع میں لوگوں کو صحت کے حوالے چیلنجز کا سامنا ہے۔ پاکستان یوورالوجیکل ایسوسی ایشن اس حوالے سے اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل فیکلٹی کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہم دیگر صوبوں کو کاپی نہیں، بلکہ ان سے بہتر سسٹم لاسکتے ہیں۔ آپ کو جو سپورٹ چاہیے، وہ فراہم کریں گے،  ڈاکٹرز کے مسائل حل کریں گے۔ 70 ہزار ڈاکٹرز کی تنخواہ بہت کم ہے، ان کے لیے کچھ کریں گے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ 13 برس سے چلڈرن اسپتال مکمل نہیں ہوا ۔ مجھے کوئی نام یا تختی نہیں چاہیے۔ 13 بنرس میں صوبے میں کوئی اسپتال نہیں بنا ۔ ہم ڈاکٹر کمیونٹی کو مکمل سپورٹ کریں گے۔ میں چاہتا ہوں ہمارے مریض دیگر صوبوں میں جانے کے بجائے انہیں یہیں علاج میسر ہو۔

Load Next Story