ایل این جی لے جانے والا قطری جہاز خلیج عرب میں نامعلوم اشیا سے متصادم

قطر نے فی الحال یہ نہیں بتایا کہ جہاز سے ٹکرانے والی اشیا کیا تھیں، کہاں سے آئیں یا واقعے کے پیچھے کون ذمہ دار ہے

قطر کی سرکاری گیس ٹرانسپورٹ کمپنی نقیلات نے بتایا ہے کہ اس کا مائع قدرتی گیس لے جانے والا جہاز خلیج عرب میں سفر کے دوران نامعلوم اشیا سے متصادم ہوا ہے۔

کمپنی کے مطابق جہاز پر موجود کسی بھی رکنِ عملہ کو نقصان نہیں پہنچا اور واقعے کے نتیجے میں سمندر میں کسی قسم کی ماحولیاتی آلودگی بھی رپورٹ نہیں ہوئی۔

جہاز اس وقت محفوظ اور قابلِ استعمال حالت میں ہے، جبکہ حکام اس کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں۔

نقیلات کا کہنا ہے کہ کمپنی جہاز کے عملے اور متعلقہ سمندری سکیورٹی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے اور خلیج میں صورتحال کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔

تاہم قطر نے فی الحال یہ نہیں بتایا کہ جہاز سے ٹکرانے والی اشیا کیا تھیں، کہاں سے آئیں یا واقعے کے پیچھے کون ذمہ دار ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز اور خلیج کے اطراف تجارتی جہاز رانی کو سکیورٹی خطرات کا سامنا ہے۔ حالیہ ہفتوں میں متعدد ٹینکروں پر حملوں یا مشتبہ دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے باعث خطے میں توانائی کی ترسیل اور عالمی تیل و گیس کی سپلائی کے حوالے سے تشویش بڑھ گئی ہے۔ تاہم اس واقعے میں ابھی تک کسی فریق پر الزام عائد نہیں کیا گیا۔

Load Next Story