راولپنڈی میں ڈینگی کے وار جاری، مریضوں کی تعداد 84 ہوگئی
فوٹو: فائل
راولپنڈی میں ڈینگی کے وار جاری ہیں اور مریضوں تعداد 84 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ڈینگی کے شہبے میں 438 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضون کی تعداد 84 تک پہنچ گئی ہے، اسپتالوں میں ڈینگی کے شبے میں مجموعی طور پر 6 ہزار 397 مریضوں کی اسکریننگ کی گئی، اسکریننگ کیے گئے مریضوں میں 5 ہزار 875 مشتبہ، 84 کنفرم اور کوئی پروبیبل کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ ڈینگی کے شبے میں 438 مریض اسپتالوں میں داخل کیے گئے ہیں۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ رواں سال راولپنڈی میں ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، اکتوبر کے دوران راولپنڈی میں ڈینگی کے 51 کیسز رپورٹ ہوئے، ستمبر میں ڈینگی کے 27 مریض سامنے آئے، نومبر میں تاحال کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ راولپنڈی میں ڈینگی کی روک تھام کے لیے 1400 ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں، ڈینگی سرویلنس کے دوران 59 لاکھ 8 ہزار 794 گھروں کی چیکنگ مکمل کی گئی، گھروں کی چیکنگ کے دوران 2 لاکھ 15 ہزار 647 گھر ڈینگی لاروا پازیٹو نکلے۔
اس ضمن میں بتایا گیا کہ راولپنڈی میں 20 لاکھ 36 ہزار 630 مقامات کی چیکنگ کی گئی اور 27 ہزار 552 مقامات سے لاروا برآمد ہوا جبکہ انسداد ڈینگی کارروائیوں کے دوران دو لاکھ 43 ہزار 199 لاروا تلف کیے گئے۔
محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی لاروا کی نشان دہی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 ہزار 798 مقدمات درج کیے گئے، ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 686 مقامات سیل اور 2 ہزار 331 چالان کیے گئے، اسی طرح انسداد ڈینگی کارروائیوں کے دوران 31 لاکھ 56 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔