مانسہرہ میں پاک فوج کا فری میڈیکل کیمپ، 6 ہزار سے زائد افراد کا طبی معائنہ
مانسہرہ میں پاک فوج کے فری میڈیکل کیمپ میں 6 ہزار سے زائد افراد کا طبی معائنہ کیا گیا۔
پاک فوج دفاعِ وطن کے ساتھ عوامی خدمت میں بھی پیش پیش ہے۔ مانسہرہ میں پاک فوج، سول انتظامیہ اور ناردرن پاکستان ہیلتھ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے اے پی ایس بٹراسی میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
فری میڈیکل کیمپ میں پاک فوج اور سول انتظامیہ کے 50 سے زائد ماہر ڈاکٹرز اور کنسلٹنٹس نے مقامی افراد کا طبی معائنہ کیا۔ فری میڈیکل کیمپ کے دوران مجموعی طور پر 6 ہزار 632 مقامی افراد کا طبی معائنہ اور علاج کیا گیا۔
کیمپ میں مریضوں کو ای سی جی، خون کے ٹیسٹ، ہیموگلوبن مانیٹرنگ سمیت دیگر طبی سہولیات اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مانسہرہ اور کمانڈر لاجسٹک 12 ڈویژن نے میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ مانسہرہ کے مقامی افراد نے جدید سہولیات سے آراستہ فری میڈیکل کیمپ کے قیام پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔