سعودی عرب کے قریب خلیج میں آئل ٹینکر پر دو نامعلوم پروجیکٹائلز سے حملہ، عملہ محفوظ

حملے میں استعمال ہونے والے پروجیکٹائلز کی نوعیت اور واقعے کے ذمہ داروں کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئیں

ریاض: سعودی عرب کے مشرقی ساحل کے قریب خلیج میں سفر کرنے والے ایک ٹینکر کو دو نامعلوم پروجیکٹائلز سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

واقعے میں جہاز کے عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے جبکہ سمندر میں تیل یا دیگر آلودگی پھیلنے کی اطلاع نہیں ملی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بتایا کہ ٹینکر خلیج میں جنوب مشرق کی جانب سفر کر رہا تھا کہ سعودی عرب کے علاقے راس الخفجی سے تقریباً 72 ناٹیکل میل مشرق میں اس کے بائیں جانب دو نامعلوم پروجیکٹائلز آکر لگے۔

میری ٹائم کے مطابق واقعے کے بعد جہاز کے تمام عملے کی موجودگی اور سلامتی کی تصدیق کرلی گئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات میں سمندری ماحول کو کسی قسم کے نقصان یا آلودگی کی نشاندہی بھی نہیں ہوئی۔

تاحال حملے میں استعمال ہونے والے پروجیکٹائلز کی نوعیت اور واقعے کے ذمہ داروں کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث خلیج اور اس کے اہم بحری راستوں پر تجارتی جہازوں کی سلامتی کے حوالے سے خدشات پائے جاتے ہیں۔

Load Next Story