پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر مسلسل 10 سیریز میں ناقابلِ شکست رہنے کا اعزاز حاصل

قومی ٹیم نے پچھلے سترہ مہینوں میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا

کراچی:

پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر مسلسل 10 باہمی اور سہ فریقی سیریز میں ناقابلِ شکست رہنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

قومی ٹیم نے پچھلے سترہ مہینوں میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پاکستان کو آخری مرتبہ فروری 2025 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سہ ملکی سیریز میں شکست ہوئی تھی۔

اس کامیاب مہم کا آغاز مئی اور جون 2025 میں بنگلہ دیش کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کرنے سے ہوا، اکتوبر 2025 میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی، جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے فارمیٹس میں پاکستان نے دو ایک کے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔

قومی ٹیم  نے نومبر 2025 میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں تین صفر سے کلین سوئپ کیا، پاکستان نے نومبر 2025 میں سری لنکا اور زمبابوے کی شرکت سے منعقدہ ٹی ٹوئنٹی سہ ملکی سیریز بھی اپنے نام کی۔

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تین صفر سے کلین سوئپ کیا، گرین شرٹس نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز دو ایک سے جیت کر دونوں فارمیٹس میں اپنی برتری ثابت کی، حالیہ دورہ سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی پاکستان نے دو ایک سے جیتی۔

پاکستان نے ون ڈے سہ ملکی سیریز میں کامیابی حاصل کرکے مسلسل دسویں ہوم سیریز میں ناقابلِ شکست رہنے کا اعزاز حاصل کرلیا، یہ تسلسل پاکستان کی ہوم گراؤنڈ پر مختلف فارمیٹس میں مضبوط کارکردگی کا نمایاں ثبوت ہے۔

Load Next Story