سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے افغانستان پریمیئر لیگ کیلئے رجسٹریشن کروالی
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے افغانستان پریمیئر لیگ کے پلیئرز ڈرافٹ کے لیے رجسٹریشن کروالی۔
ذرائع کے مطابق محمد عامر نے برطانوی شہری کی حیثیت سے ایونٹ میں شرکت کے لیے اپنا نام رجسٹرڈ کرایا ہے۔
برطانوی پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد وہ برطانوی شہریت رکھتے ہیں جس کے باعث انہیں افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے این او سی لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے خواہش مند پاکستانی کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ڈرافٹ کے لیے پاکستان کے متعدد کرکٹرز رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان پریمیئر لیگ کے پلیئرز ڈرافٹ کا انعقاد کل ہوگا۔