ون ڈے رینکنگ تاریخی رسوائی نے آسٹریلیا سے ٹاپ پوزیشن چھین لی

کینگروکرکٹ ٹیم چوتھے درجے پر آگئی، بھارت نے عارضی طور پر نمبر ون کا اعزاز پالیا

کینگروکرکٹ ٹیم چوتھے درجے پر آگئی، بھارت نے عارضی طور پر نمبر ون کا اعزاز پالیا۔ فوٹو : اے ایف پی

GREATER NOIDA:
زمبابوے کے ہاتھوں تاریخی رسوائی نے آسٹریلیا سے ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن بھی چھین لی، کینگروز چوتھے نمبر پر آگئے۔

بھارت نے عارضی طور پر نمبرون ٹیم کا اعزاز پالیا، جنوبی افریقہ بھی اس مقام کیلیے مضبوط دعویدار ہوگا، پاکستان ٹیم بدستور چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹرائنگولر سیریز کا آغاز ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن سے کیا، جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد اسے بھارت کے ساتھ نمبر ون پوزیشن کو شیئر کرنا پڑا، مگر اب دسویں رینکڈ کی میزبان سائیڈ کے ہاتھوں 3 وکٹ سے شکست نے اسے ٹاپ سے چوتھے نمبر پر پہنچا دیا ہے۔


فی الحال بھارتی ٹیم رینکنگ میں سرفہرست تاہم اس کا بھی یہاں قیام عارضی ثابت ہوسکتا ہے، اگر دھونی الیون کو یہ مقام برقرار رکھنا ہے تو انگلینڈ کے خلاف بقیہ دونوں میچز میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی، مگر ساتھ میں آسٹریلیا کو بھی ٹرائنگولر سیریز میں کم سے کم ایک مرتبہ جنوبی افریقہ کو ہرانا ہوگا، چاہے ٹیم منگل کو یہ فتح پائے یا پھر فائنل میں کوالیفائی کرنے کی صورت میں کامیابی حاصل کرے۔ اسی طرح جنوبی افریقہ کے ٹاپ پر پہنچنے کا امکان بھی روشن ہے، اس کے لیے اسے ٹرائنگولر سیریز کے باقی دونوں مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی، اس صورت میں بھارتی ٹیم انگلینڈ کے خلاف باقی دونوں میچز جیت بھی لے تب بھی پروٹیز کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

آسٹریلیا کے پاس بھی ایک بارپھر سے ٹاپ پوزیشن واپس حاصل کرنے کا موقع موجود ہے، اس کے لیے باقی دونوں مقابلوں میں جنوبی افریقہ کوپچھاڑنے کے ساتھ بھارت کی انگلینڈ کے ہاتھوں کم سے کم ایک میچ میں شکست درکار ہوگی۔ تازہ ترین رینکنگ میں بھارت ٹاپ ، جنوبی افریقہ دوسرے اور سری لنکا تیسرے درجے پر ہے، آسٹریلیا چوتھے، انگلینڈ پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر موجود رہا۔
Load Next Story