ون ڈے میں اسپن بولنگ انگلش پریشانی کی وجہ ہے گنگولی

میزبان بیٹسمینوں کو بھارتی بولرز کا سامنا کرتے ہوئے تکنیک تبدیل کرنی چاہیے

میزبان بیٹسمینوں کو بھارتی بولرز کا سامنا کرتے ہوئے تکنیک تبدیل کرنی چاہیے۔ فوٹو: فائل

سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے ون ڈے میں اسپن بولنگ کو انگلینڈ کی پریشانی کا سبب قرار دے دیا۔

انھوں نے کہا کہ ٹیم مسائل کا شکار نظر آتی ہے اور سلو بولنگ پر بیٹسمین آسانی سے رنز اسکور نہیں کرپاتے۔ بھارت نے پانچ میچز کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کررکھی ہے، ابتدائی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، چوتھا ون ڈے منگل کو برمنگھم میں شیڈول ہے، سیریز میں کمنٹری کرنے والے گنگولی نے کہا کہ میزبان کا مسئلہ ذہن پر طاری خوف ہے، ٹیم جب ون ڈے میں بیٹنگ کیلیے آئے تو اسکور بورڈ پر 300 کا ہندسہ سجانااپنے لیے مشکل خیال کرتی ہے، پلیئرز کو اپنی سوچ تبدیل کرنی چاہیے۔


دوسری بات اسپن بولنگ اس کی کمزوری ہے، کھلاڑی سلو بولنگ پر آزادانہ رنز نہیں بنا پاتے، گنگولی نے مزید کہا کہ جب تک انگلش ٹیم اپنی سوچ تبدیل نہیں کرتی ون ڈے کرکٹ میں بڑی فتوحات پانے میں ہمیشہ مشکل پیش آئے گی، سابق اوپنر نے مزید کہا کہ میزبان بیٹسمینوں کو بھارتی اسپنرز کا سامنا کرتے ہوئے اپنی تکنیک تبدیل کرنی چاہیے، وہ تین گیندوں پر رنز نہ بنانے کے بعد وکٹیں گنوا دیتے ہیں، انھیں بہتر انداز تلاش کرنا ہوگا، اگر آپ اسپن بولرز کی کچھ بالز پر رنز نہیں بناپاتے تو بعد میں اپنی اننگز کو بہترکرسکتے ہیں لیکن اگر ہمت چھوڑدیں توایسا نہیں کرپائیں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ انگلش بیٹسمینوں کوایسا طریقہ کار اختیارکرنے کی ضرورت ہے جس میں وہ اسپن بولرز پر دباؤ ڈال سکیں، عمدہ فٹ ورک اور رنز بنانے کے ایریا کا تعین فائدہ مند ہوگا، اس سطح پراعتماد بہت اہم عنصر ہے۔
Load Next Story